لکھنؤ۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش کی راجدھا نی لکھنؤ میں ریاستی حکومت کی جانب سے شہریت(ترمیمی)قانون کے خلاف احتجاج کے دوران تشدد کے مبینہ ملزمین کی فوٹو مع نام وپتہ کی ہورڈنگ لگانے کے بعد شروع ہوئے پوسٹر وار میں اپوزیشن سماجوادی پارٹی( ایس پی) کے بعد اب کانگریس نے یوگی آدتیہ ناتھ اورکیشو پرساد موریہ سمیت متعدد بی جے پی لیڈروں کے پوسٹر لگائے ہیں۔سنیچر کو کانگریس نے شہر کے اہم شاہرہوں پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ کے ساتھ بی جے پی کے دیگر لیڈروں کے فوٹو والے پوسٹر اورہورڈنگ لگائے ہیں۔ان دو سینئر لیڈروں کے ساتھ پوسٹر میں رادھا موہن داس اگروال،سنگیت سوم،سنجیو بالیان،امیش ملک،سریش رانا اورسادھوی پراچی کی تصویریں لگائی گئی ہیں۔کانگریس لیڈر سدھانشو واجپائی اور لالو قنوجیا کی جانب لگائے جانے والے اس پوسٹر پر ‘‘جنتا مانگے جواب۔ ان دنگایوں سے وصول کب’’؟بڑی سرخی کے ساتھ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور کیسو پرساد موریہ کی جانب سے لوک سبھا انتخابات میں داخل کئے گئے حلف ناموں کا حوالہ دیتے ہوئے ان پر درج مقدمات کا تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے ۔
