یوکرین: روسی حملوں کا بھرپور دفاع، کیف میں بجلی بحال

   

کیف : یوکرین کے حکام نے بتایا ہے دارالحکومت کے زیادہ تر حصوں میں جمعہ کے روز بجلی فراہمی بحال کر دی گئی اور روس کی جانب سے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے والے جدید ترین روسی میزائلوں اور ڈرونز کی بارش کا فوری اور منہ توڑ جواب دے دیا گیاہے۔ پچھلے موسم خزاں کے بعد سے روس نے یوکرین کو نشانہ بنانے کا نیا طریقہ اختیار کر لیا ہے کہ وہ ملک پر دور سے حملہ کرتا ہے کیونکہ روسی افواج کو مشرقی علاقوں میں اگلے مورچوں پر سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دور سے میزائل اور ڈرون حملے کرنے کا بظاہر مقصد یوکرین کی طاقت کو کمزور کرنا اور کیف کی حکومت کو ماسکو کی شرائط پر امن مذاکرات کے لیے مجبور کرنا ہے۔ واشنگٹن میں قائم تھنک ٹینک ،انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار نے اپنے ایک جائزے میں کہا ہے کہ یہ میزائل حملے یوکرین کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے اور نہ ہی اگلے مورچوں پر روس کی پوزیشن کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ یوکرین کے فوجی تجزیہ کار اولیہ زہدانوف نے کا کہنا ہے کہ روسی اب یوکرین کے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہے ہیں، کیونکہ وہ یوکرین کے فوجی اثاثوں کو مؤثر طریقہ سے ہدف نہیں بنا سکتے۔