کیف: یوکرین کے سابق صدر پیٹرو پوروشنکو نے سرحد پار کر کے پولینڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم ان کی فرار کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی میڈیا نے خبر دی ہے کہ سابق یوکرینی صدر کو اپنی رینج روور ایس یو وی میں لیووف کے علاقے کے مغرب میں ایک کراسنگ پر دیکھا گیا، اسٹیٹ کسٹمز سروس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پوروشنکو ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔میڈیا کا کہنا ہے کہ پیٹرو پوروشنکو کو یوکرین کے اندر غداری کے الزامات کا سامنا ہے، وہ ملک سے فرار ہو کر پولینڈ میں داخل ہونا چاہتے تھے لیکن سرحدی محافظوں نے انھیں روک لیا ہے۔اس سلسلے میں ٹیلی گرام پر کچھ تصاویر سامنے آئی ہیں، جن میں سابق یوکرینی صدر کسٹم حکام سے بات کرتے نظر آتے ہیں۔ دوسری طرف یوکرین کی سیاست دان ارینا گیراشنکو نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ سابق صدر کو روکا جانا ایک ناگوار سیاسی حکم ہے۔