یکم اپریل سے این پی آر پر عمل نہیں ہوگا: کشن ریڈی

   

کورونا وائرس کا خطرہ گزرنے کے بعد غور ، دو ہفتے ملک کیلئے اہمیت کے حامل
حیدرآباد۔/24 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے یکم اپریل سے مردم شماری کی این پی آر مہم کے آغاز کو خارج از امکان قرار دیا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر این پی آر کے آغاز کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ہندوستان جب کورونا وائرس کے خوف سے باہر آجائے گا اس کے بعد ہی این پی آر پر عمل آوری پر غور کیا جاسکتا ہے۔ ملک میں فی الوقت کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہر سطح پر مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ 15 دن ملک کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ ملک کو کورونا وائرس کے خطرہ سے بچانے کیلئے ہمیں سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔ سوشیل ڈسٹینس اور باہمی باہمی فاصلہ کے ذریعہ ہی وائرس سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ ہندوستان وائرس کے معاملہ میں ابھی دوسرے مرحلہ میں ہے۔ ہندوستان تھرڈ اسٹیج میں داخل نہیں ہوا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے ذریعہ ہم تیسرے مرحلہ سے بچ سکتے ہیں۔ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کے اقدامات میں مکمل تعاون کریں اور لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جائے۔