یکم نومبر کا مارچ کسی سیاسی پارٹی کا نہیں، ہندوستان کی روح کا ہے

   

رام لیلا میدان میں کثیر تعداد میں جمع ہونے عوام سے راہول گاندھی کی اپیل

نئی دہلی ۔29؍اکتوبر ( ایجنسیز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے ایک بار پھر عوام سے یکم نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں کانگریس کی ریالی میں کثیر تعداد میں شرکت کی عوام سے اپیل کی ہے۔ راہول گاندھی نے جمعرات 29 اکتوبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ نمسکار، چلو دہلی رام لیلا مارچ، جمہوریت کو بچانے کا، ووٹ چوری کو روکنے کا، آئین کو بچانے کا مارچ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ یہ کسی ایک سیاسی پارٹی کا مارچ نہیں، یہ ہندوستان کی روح کا مارچ ہے۔ انہوں نے مزید لکھاکہ سب لوگ جو نریندر مودی، امیت شاہ، گیانیش کمار سے پریشان ہیں ‘ سب لوگ جو جمہوریت کو بچانا چاہتے ہیں، آئین کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں، آپ سب آئیے۔ ان کے مطابق ’ایک ہی احتجاج ہے، ملک کا احتجاج ہے۔‘ راہول گاندھی نے عوام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی فکر نہ کریں، لاٹھیوں سے نہ ڈریں، بی جے پی میں اتنی جرائت نہیں کہ وہ اپنے ان ہتھکنڈوں کا استعمال کرے۔ آئیے، ہمارے ساتھ مارچ میں شامل ہوں۔ ہم آئین کے تحفظ اور ہندوستانی قوم کی حفاظت کیلئے مل کر چلیں گے۔راہول گاندھی نے تمام طلبہ تنظیموں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے تمام طلبہ تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ آپ کی سیاسی وابستگی خواہ جو بھی ہو، اگر آپ کو لگتا ہے کہ ہندوستان پر حملہ ہو رہا ہے، اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ پر حملہ ہو رہا ہے، آپ کی رائے، آپ کے خیالات اور آپ کے طرز فکر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، تو آئیے اور ہمارے ساتھ شامل ہوں۔ یہ ایک شاندار مارچ ہوگا اور یہ ملک کی روح کے تحفظ کیلئے نکالا جانے والا مارچ ہے۔ آپ سب سے وہاں ملاقات کا منتظر ہوں۔