بھوپال : کانگریس کے سینئر لیڈراور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے فوج کی نئی بھرتی کے عمل کے معاملے میں حکومت کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی ‘ ٹیمپریری اپروچ’ سے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیسے ہو گی اور یہ اگنی پتھ ہے یا اگنی کنڈ۔ کمل ناتھ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ملک کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس میں فوج کا کردار سب سے اہم ہے ۔ ملک کی خدمت اور سلامتی کے لیے گزشتہ 70 برسوں سے ہندوستانی فوج میں بھرتی کا نظام یہ تھا کہ سپاہی ریٹائرمنٹ تک یا 14 سال تک ملک کی خدمت اور حفاظت کرے ، پوری تنخواہ اور باعزت روزگار پائے ، پھر محفوظ مستقبل کے ساتھ گھر جائے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ روزگار میں اضافے کے بہانے فوج میں بھرتی کا نیا نظام یہ ہے کہ صرف چار سال کم تنخواہ والی ‘شارٹ ٹرم’ کی بھرتی کی جائے اور پھر گھرجائیں۔ اب کیا اس طرح کی ٹیمپریری اپروچ’ سے ہندوستان کی حفاظت ہو گی ۔انہوں نے الزام تراشی والے لہجے میں کہا کہ اب حقیقی حب الوطنی سامنے آرہی ہے ۔ یہ اگنی پتھ ہے یا اگنی کنڈ ۔