پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے امریکی ہم منصب ڈونالڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق منصوبوں کو مسترد کر دیا۔خبر ایجنسی کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون نے غزہ کے متعلق امریکی صدر ٹرمپ کے پیش کیے گئے منصوبوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 20 لاکھ لوگوں سے یہ نہیں کہا جا سکتاکہ آپ کہیں اورچلے جائیں۔فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں اور ان کے عرب پڑوسیوں کی عزت واحترام کا خیال کیا جائے، یہ ریئل اسٹیٹ آپریشن نہیں، یہ سیاسی آپریشن ہے۔صدر میکرون نے غزہ جنگ پر نیتن یاہو سے اپنے اختلافات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ اسرائیلی وزیراعظم سے اپنے اختلاف کا اعادہ کیا ہے، سویلینز کو نشانہ بنانے والا اتنا بڑا آپریشن درست نہیں ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ پٹی اسرائیل کے ذریعہ امریکہ کے حوالے کردی جائے گی، غزہ کی تعمیر نو ہوگی اور وہاں ہزاروں نوکریاں پیدا کریں گے مگر غزہ کے لوگوں کو طویل عرصے تک واپس آنے کا حق نہیں ہوگا۔