ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا کو عنقریب رپورٹ
حیدرآباد۔22 ستمبر(سیاست نیوز) بھارت بائیوٹیک کی جانب سے تیار کردہ 18 سال سے کم عمر بچوں کے لئے کو ویکسن ٹیکہ کے تجرباتی استعمال کے مراحل کو مکمل کرلیا گیا ہے اور جلد ہی بھارت بائیوٹیک کی جانب سے ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا کو تفصیلی رپورٹ روانہ کی جائے گی۔ڈرگس کنٹرول جنرل آف انڈیا کو روانہ کی جانے والی رپورٹ میں دوسرے مرحلہ کے تجربات کے ساتھ پہلے مرحلہ کے دوران دیئے گئے ٹیکوں کے نتائج کے سلسلہ میں بھی تفصیلات درج کی جائیں گی اور جلد ہی تیسرے مرحلہ کو بھی مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ڈاکٹر کرشنا ایلا صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر بھارت بائیو ٹیک انٹرنیشنل لمیٹڈ نے ذرائع کے ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا ہے اور کہا کہ 18 سال سے کم عمرکے بچوں کو کورونا وائر س سے محفوظ رہنے کے لئے دیئے جانے والے ٹیکہ کے متعلق ڈاکٹر کرشنا ایلا نے اس بات کا انکشاف کیا کہ بھارت بائیوٹیک نے بچوں کے لئے ناک سے دی جانے والی خوراک تیار کی ہے۔انہو ںنے بتایا کہ بھارت بائیوٹیک کی جانب سے بچوں کے لئے تیار کردہ خوراک میں اس بات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کہ انسانی جسم میں وائرس سے مقابلہ کی صلاحیت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ وائرس کے داخل ہونے کے راستوں کو محفوظ بنایا جائے۔ڈاکٹر کرشنا ایلا نے بتایاکہ کمپنی نے ماہ ستمبر کے دوران 35 ملین خوراک تیار کئے تھے لیکن آئندہ ماہ یعنی اکٹوبر کے دوران 55 ملین خوراک تیار کرنے کی صلاحیت پیدا ہوچکی اور انہیں یقین ہے کہ آئندہ ماہ 55ملین خوراک کا نشانہ مکمل کرلیا جائے گا۔M