۔65 سالہ شخص کا کورونا ویکسین کی 11 خوراکیں لگوانے کا دعویٰ

   

پٹنہ : 65 سالہ براہم دیو منڈل نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ریاست بہار میں کورونا ویکسین کی 11 خوراکیں لگوائیں۔ریٹائرڈ پوسٹ ماسٹر براہم دیو کا کہنا ہے کہ کورونا کی اتنی خوراکوں نے انہیں جسم کے درد سے نجات دلانے اور صحت مند رہنے میں مدد کی۔رپورٹس کے مطابق براہم دیو کا دعویٰ ہے کہ انہیں گزشتہ سال فروری سے دسمبر کے درمیان 11 بار ویکسین لگیں جس کی تمام تفصیلات( اوقات، تاریخ، مقام) سب ایک کاغذ پر لکھی ہوئی ہیں جبکہ انہوں نے ویکسین کی اتنی خوراکیں لگوانے کے لیے مختلف شناختی کارڈ کا استعمال کیا۔دوسری جانب مدھ پورہ کے سول سرجن امریندر پرتاپ شاہی کا کہنا ہے کہ ہمیں اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ براہم دیو منڈل نے 4 مختلف جگہوں سے کورونا ویکسین کی 8 خوراکیں لگوائی ہیں ،تاہم تحقیقات جاری ہیں کہ براہم دیو کورونا ویکسین کی اتنی خوراکیں لگوانے میں کیسے کامیاب ہوئے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہم پریشان ہیں کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ کوئی شخص کورونا کی اتنی ویکسین لگوالے؟ ہمیں ایسا لگتا ہے کہ آن لائن پورٹل میں کوئی خرابی ہے جبکہ ہم یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا ویکسینیشن مراکز کے لوگوں کی طرف سے کوئی لاپرواہی تو نہیں ہوئی۔