Sunday , August 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ریاست تلنگانہ ترقی کی راہ پر گامزن

ریاست تلنگانہ ترقی کی راہ پر گامزن

رکن اسمبلی بودھن جناب شکیل عامر کا بیان
بودھن /25 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل عامر نے کہا کہ نوتشکیل ریاست تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ہمہ جہتی ترقی کی طرف گامزن ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی وعدہ میں عوام الناس سے وعدہ کیا تھا کہ بے گھر افراد کو دو کمروں پر مشتمل ڈبل بیڈروم کے مکانات فراہم کرے گی۔ پارٹی نے اپنے وعدہ پر عمل کرتے ہوئے ساری ریاست میں دسہرہ تہوار سے ڈبل بیڈرومس کے مکانات کے تعمیری کاموں کا آغاز کردیا ہے۔ پہلے مرحلہ کے دوران ہر ایک اسمبلی حلقہ میں 400 مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بودھن کے شہری علاقہ میں موجود ہر ایک بے گھر مستحق خاندان کو بلا لحاظ سیاسی وابستگی ٹی آر ایس حکومت پانچ لاکھ چار ہزار روپئے لاگتی پختہ مکان تعمیر کرکے دے گی اور بنیادی سہولت فراہم کرنے فی گھر کو تقریباً ایک لاکھ روپئے زائد خرچ کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بودھن شہر کے مضافات میں تلنگانہ۔ مہاراشٹرا بین ریاستی سڑک کے قریب موجود سرکاری اراضی دو ایکڑ 18 گنٹے پر پہلے مرحلہ میں G+2 اسکیم کے تحت 145 مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ یہاں ایک مکان کی تعمیری لاگت اور اراضی کی قیمت ملاکر 14 لاکھ روپئے ہوگی۔ ٹی آر ایس حکومت اپنے وعدہ کے مطابق ہر ایک مستحق بے گھر فرد کو مرحلہ وار مکانات تعمیر کرکے دے گی۔ انھوں نے کہا کہ جن کے پاس پلاٹس ہیں، انھیں بھی حکومت مکانات تعمیر کرکے دے گی۔ جناب شکیل نے ادارہ سیاست کی جانب سے انگریزی زبان میں ہفتہ وار اخبار کی اشاعت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان سے ناواقف نوجوان نسل کو سیاست انگلش ویکلی کے مطالعہ سے حالات حاضرہ اور مسلم اقلیتی طبقہ کے مسائل اور ان کی یکسوئی کے متعلق صحیح رہنمائی ملے گی۔ انھوں نے جناب زاہد علی خاں، جناب ظہر الدین علی خاں اور جناب عامر علی خاں کو انگریزی اخبار کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ یہ ہفتہ روزہ بھی اردو روزنامہ سیاست کی طرح بے حد مقبول ہوگا اور ایک دن یہ ہفتہ روزہ سے روزنامہ بن جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT