ایڈس اور ہیپاٹیٹس مریضوں کیلئے مفت ڈائیلاسس کی سہولت

   

وزیر صحت ہریش راؤ کا فیصلہ ، حیدرآباد اور ورنگل میں خصوصی مراکز قائم کرنے عہدیداروں کو ہدایت

حیدرآباد : /24 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے ۔ گردے کی عارضہ میں مبتلا ایڈس اور ہیپاٹیٹس یعنی جگر کے مریضوں کیلئے ڈائیلاسیس کی مفت خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے آج آروگیاشری کے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا جس میں مختلف اُمور کا جائزہ لیا گیا ۔ حکومت کے فیصلے سے عہدیداروں کو واقف کراتے ہوئے ایسے مریضوں کیلئے حیدرآباد اور ورنگل میں خصوصی مراکز قائم کرنے کے ہریش راؤ نے احکامات جاری کئے ۔ ان دونوں مراکز میں ایڈس اور ہیپاٹیٹس مریضوں کیلئے فی کس 5 بیڈس کا انتظام کرتے ہوئے ڈائیلاسیس کی خدمات فراہم کرنے پر زور دیا ۔ وزیر صحت نے کہا کہ ان امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے ڈائیلاسیس کرانے کیلئے مالی بوجھ عائد ہورہا ہے ۔ انہیں حکومت کی جانب سے راحت فراہم کرنے کیلئے خصوصی مراکز قائم کئے جارہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت فی الحال 43 ڈائیلاسیس سنٹرس چلارہی ہے جس سے 10 ہزار مریض استفادہ کررہے ہیں ۔ ڈائیلاسیس مراکز پر حکومت سالانہ 100 کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈائیلاسیس کے مشینوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرتے ہوئے مریضوں کے ویٹنگ اوقات کو مزید گھٹانے پر زور دیا ۔ ایڈس اور ہیپاٹیٹس مریضوں کیلئے جنگی خطوط پر مراکز قائم کرنے کی ہدایت دی۔ اس اجلاس میں محکمہ صحت کے سکریٹری رضوی ، ڈاگ کنٹرولر ڈائرکٹر پریتی مینا ، او ایس ڈی ڈاکٹر گنگادھر کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔ ن