عمران خان اپنی میعاد مکمل کرنے کے اہل نہیں : بلاول بھٹو

,

   

کراچی ۔ 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے کلیدی اپوزیشن قائد بلاول بھٹو نے آج پاکستان میں تحریک انصاف پارٹی حکومت کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان بحیثیت وزیراعظم اپنی میعاد مکمل کرنے کے موقف میں نہیں ہیں اور نہ ہی ان کی اتنی اہلیت ہے۔ دوسری جانب عوام اور سیاسی جماعتیں بھی ان سے ناخوش ہیں کیونکہ انہوں نے جوپالیسیاں وضع کی ہیں وہ ناقابل فہم ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے صدرنشین بلاول بھٹو نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سنٹر کا دورہ کرنے کے دوران اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کو صحیح سمت لے جانے کی اہل نہیں ہے اور یہی وجہ ہیکہ عمران خان کی عوام مخالف پالیسیوں پر ان کے خلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر کوئی عمران خان کی کٹھ پتلی حکومت سے بیزار ہوچکا ہے جن میں تاجرین، ٹیچرس، ڈاکٹرس اور دیگر ورکرس بھی شامل ہیں۔ ان تمام حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہیکہ عمران خان اپنی حکومت کی میعاد کی تکمیل نہیںکرپائیں گے۔ انگریزی اخبار ڈان نے بلاول بھٹو کے حوالہ سے یہ بات کہی۔ اس وقت سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ تھے جبکہ وزیرصحت عذرا پیچو ہو اور وزیراطلاعات سعید غنی بھی شہ نشین پر موجود تھے۔ بلاول نے ایک بار پھر کہا کہ ان کی پارٹی حکومت کے خلاف احتجاج کرے گی اور جمہوریت کو انچ آنے نہیں دیں گے۔