آئیڈئیل انفارمیشن سینٹر فار ڈیسیبلڈ کی دعوت افطار کا انعقاد

   

عامر علی خان،ڈاکٹر خالد مبشر الظفر،مولانا تقی رضا عابدی،مولانا حامد محمد خان کے خطابات
حیدرآباد 11 مارچ ( راست ) : ایڈن گارڈن کنگ کو ٹھی پر آئیڈئیل انفارمیشن سینٹر فار ڈیسیبلڈ (آئی آئی سی ڈی) کی دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ جناب عامر علی خان قانون ساز کونسل رکن ومدیر سیاست وسیاست ٹی وی نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ واضح رہے کہ آئیڈئیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ اعظم پورہ،جماعت اسلامی کی جانب سے معذور طلباء وطالبات کیلئے سال 2006 میں قائم کیا گیا ادارہ ہے۔ جس کا مقصد قوت سماعت و قوت گویائی اور بینائی سے محروم بچوں کے علاوہ ذہنی طور پر معذور بچوں کو دینی و عصری تعلیم سے ہم آہنگ کرنا اور انھیں بھی سماج میں برابر کا مقام دلانا ہے۔ یہ ادارہ ملت کے ایسے بچوں کو جو جسمانی اورذہنی طور پر معذور ہیں انھیں دینی و دنیوی تربیت فراہم کر رہا ہے۔ جس میں کمپیوٹر اور دیگر فنی تربیت بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان بچوں کی ہر طرح سے کونسلنگ اور تربیت کی جاتی ہے۔ دینی تعلیم و اخلاقی تعلیم کے ساتھ قرآن مجید بھی ان کی زبان میں پڑھایا جاتا ہے۔ ان طلباء و طالبات کیلئے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ جناب عامر علی خان نے ادارہ کی کارکردگی اور طلبہ کے تعلیمی مظاہرہ پرمسرت و خوشی کا اظہار کیا۔امیر حلقہ جماعت اسلامی ڈاکٹر محمدخالد مبشرالظفرنے صدارتی خطاب کیا۔ طلبہ و طالبات نے غیر معمولی دلوں کو چھو لینے والا مظاہرہ پیش کیا۔شیعہ عالم دین مولانا تقی رضا عابدی، سابق امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان،،ناظم شہر جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد مبشر احمد،سکریٹری آئی آئی سی ڈی،جناب ایس ایم نوید الرحمان ودیگر کے علاوہ آئیڈئیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ، کے ذمہ داران ، اساتذہ،طلبہ اور اولیاء طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔