نئی دہلی، 05 نومبر (یواین آئی) کانگریس نے سرکاری فلاحی اسکیموں کے مستفیدین کی شناخت کے لیے آدھار کارڈ کی جگہ ووٹر شناختی کارڈ (ووٹر آئی ڈی) کو بنیادی دستاویز بنانے سے متعلق مرکزی وزیر پنچایتی راج کے میڈیا میں سامنے آنے والے بیانات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سماجی بہبود اور تحفظ کی اسکیموں سے محروم ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ مرکزی وزیر پنچایتی راج راجیو رنجن سنگھ گزشتہ چند دنوں میں دو مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ سرکاری اسکیموں کے مستفیدین کی شناخت کے لیے آدھار کی جگہ ووٹر آئی ڈی استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ اب مودی حکومت کی سرکاری پالیسی ہے ؟