آر جے ڈی میں شمولیت صحیح معنوں میں گھر واپسی: محبوب علی

   

نئی دہلی : کھگڑیا کے ایم پی محبوب علی قیصر نے کہا کہ آج میں صحیح معنوں میں اپنے گھر واپس آیا ہوں۔ میں این ڈی اے کا واحد مسلم ایم پی تھا لیکن آج انہیں ہمارے ووٹوں کی ضرورت نہیں ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے درمیان جب ہر سیاسی پارٹی اپنے عوامی رابطے اور لوگوں کے ووٹ حاصل کرنے کی جتن میں لگی ہوئی ہے، بہار کی چراغ پاسوان والی راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کو زوردار جھٹکا لگا ہے۔ کھگڑیا سے موجودہ ایم پی محبوب علی قیصر ایل جے پی چھوڑ کر لالو یادو کی پارٹی آر جے ڈی میں شامل ہو گئے ہیں۔ محبوب علی قیصر نے اتوار (21 اپریل) کو پٹنہ میں راشٹریہ جنتا دل کی رکنیت لی۔ آر جے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ نے انہیں پارٹی کی رکنیت دلائی جبکہ تیجسوی نے پارٹی میں ان کا خیر مقدم کیا ہے۔ محبوب علی قیصر کے صاحبزادے یوسف صلاح الدین پہلے سے ہی آر جے ڈی میں ہیں۔ محبوب علی قیصر کے آر جے ڈی میں شامل ہونے کے بعد تیجسوی یادو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ محبوب علی کے آر جے ڈی میں شامل ہونے سے پارٹی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے لالو یادو سے ملاقات کی ہے۔ انتخابات میں دو گروپ ہیں۔ ایک طرف قلم بانٹنے والے ہیں اور دوسری طرف تلواریں بانٹنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ہند سے چلنے والی ہوا نے جنوبی بہار میں بھی این ڈی اے کا صفایا کر دیا ہے۔ ہم پہلے مرحلے میں چاروں سیٹیں جیت رہے ہیں، باقی 6 مرحلوں میں بہار چونکا دینے والے نتیجہ دے گا۔ آئین کو بدلنے کی سازش کرنے والوں کو بہار کے عوام سبق سکھائیں گے۔