آر ٹی سی کو خسارہ سے بچانے کیلئے حکومت نے 375 کروڑ جاری کئے

   

خواتین کو مفت سفر سے بوجھ میں اضافہ، ہجوم سے نمٹنے کیلئے نئی بسوں کی خریدی
حیدرآباد۔/4 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت سے آر ٹی سی پر پڑنے والے اضافی بوجھ کی پابجائی کیلئے حکومت نے جملہ 375 کروڑ جاری کئے ہیں۔ حکومت نے دو علحدہ جی اوز جاری کئے جس میں پہلے جی او کے تحت212.50 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ اپوزیشن خاص طور پر بی آر ایس نے آٹو ڈرائیورس کی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت کی اس اسکیم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سوشیل میڈیا میں آٹو ڈرائیورس کے احتجاج اور پرجا بھون کے روبرو ایک آٹو ڈرائیور کی جانب سے آٹو رکشا کو آگ لگانے کے واقعہ کی بڑے پیمانے پر تشہیر ہورہی ہے۔ اس دوران حکومت نے آر ٹی سی کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے 212 کروڑ روپئے جاری کردیئے۔ آر ٹی سی میں خواتین اور طالبات کو مفت سفر کی سہولت کے نتیجہ میں بسوں میں ہجوم میں اضافہ ہوچکا ہے اور آر ٹی سی انتظامیہ نے حکومت نے سے درخواست کی ہے کہ خسارہ کا شکار ادارہ کو بچانے کیلئے فوری مداخلت کی جائے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سکریٹری کے ایس سرینواس راجو سے اس بارے میں بات چیت کی۔ آر ٹی سی کو ہر سال رعایتی بس پاس کی اجرائی کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے معاوضہ ادا کیا جاتا ہے۔ اب جبکہ ریاست بھر میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی، آر ٹی سی ملازمین کو اندیشہ ہے کہ ادارہ کے خسارہ میں اضافہ ہوگا۔ حکومت نے جاریہ سال کے بجٹ سے آر ٹی سی کو212.50 کروڑ جاری کرتے ہوئے ادارہ کو خسارہ سے بچانے کی کوشش کی ہے۔ حکومت نے خصوصی امداد کے طور پر مزید 162.50 کروڑ جاری کئے۔ 1