نفرت انگیز تقریر معاملہ میں اکبر اویسی ناندیڑ کی مقامی عدالت میں حاضر

   

حیدرآباد۔یکم اکتوبر (سیاست نیوز) نفرت انگیز تقریر معاملہ میں مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی ناندیڑ کی اردھا پور عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہیں ضمانت منظور کی گئی۔ ناندیڑ ضلع کے اردھا پور پولیس اسٹیشن میں پنچایت انتخابات کے موقع پر نفرت انگیز تقریر کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ عدالت کے سمن کی تعمیل کرتے ہوئے اکبرالدین اویسی چہارشنبہ کو مقامی عدالت میں حاضر ہوئے۔ انتخابی جلسہ میں کی گئی تقریر کے معاملہ میں پولیس نے سماج میں نفرت پیدا کرنے کی شکایت پر دفعہ 295-A کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ مقامی پولیس اسٹیشن کے مقدمہ کو کالعدم کرنے کی درخواست کے ساتھ اکبر اویسی نے ہائی کورٹ کے اورنگ آباد بنچ پر رٹ پٹیشن دائر کی تھی جسے نامنظور کردیا گیا۔ ہائی کورٹ نے ضمانت کیلئے اردھا پور عدالت سے رجوع ہونے کی ہدایت دی تھی۔ اردھا پور کورٹ کے سمن کی تکمیل پر اکبر اویسی عدالت میں پیش ہوئے جہاں 25 ہزار روپئے کے شخصی مچلکہ پر ضمانت منظور کی گئی اور سماعت کی آئندہ تاریخ کا تعین کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کی جانب سے عدالت میں چارج شیٹ پیش کی گئی ہے۔1/k