آسام میں بھیانک سڑک حادثہ، 24 افراد ہلاک

   

گوہاٹی ۔ 13 نومبر (ایجنسیز) آسام کے گولاگھاٹ ضلع میں کازیرنگا نیشنل پارک کے قریب جمعہ کو ایک خوفناک سڑک حادثہ میں 24 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ رنگاجن کے مقام پر قومی شاہراہ 715 پر ایک ٹیمپو ٹریولر اور کنٹینر ٹرک کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر کے نتیجہ میں پیش آیا۔ مہلوکین میں دو خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد کالج کے طلبہ تھے، جو اپنی کلاسیں ختم ہونے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ٹیمپو ٹریولر گولاگھاٹ سے ناگاؤں کی جانب جا رہی تھی، جبکہ کنٹینر ٹرک اپر آسام کی طرف بڑھ رہا تھا۔ دونوں گاڑیوں کی ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹیمپو ٹریولر کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا اور اس میں سوار متعدد افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔یہ حادثہ کوہورا رینج کے ہاتھی کولی ٹی اسٹیٹ کے قریب پیش آیا۔ گولاگھاٹ ضلع انتظامیہ کے ایک ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے 24 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ مہلوکین کی شناخت کا عمل جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔