آسام میں مسجد اور رہائشی مکانات پر بلڈوزر کارروائی

,

   

320 ہیکٹر اراضی سے مبینہ غیر مجاز قبضے برخاست۔مسلمانوں کے 121 مکانات شامل

گوہاٹی، 13 نومبر (ایجنسیز) آسام کے ضلع لکھیم پور کے بوگیناڈی علاقے میں ضلعی انتظامیہ نے آج بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 320 ہیکٹر اراضی پر قائم مکانات کو منہدم کردیا۔ اس کارروائی کے دوران 135 خاندانوں کے مکانات بلڈوزروں کے ذریعہ مسمار کردیئے گئے، جس کے نتیجہ میں متاثرہ خاندان بے گھر ہوگئے۔ ایک مسجد اور مسلمانوں کے 121 مکانات بھی اس کارروائی کی زد میں آئے ہیں۔ یہ کارروائی بوگیناڈی نمبر ایک اور نمبر دو پروفیشنل گریزنگ ریزرو (پی جی آر) کی اراضی پر مبینہ غیر مجاز قبضوں کو برخاست کرنے کے لیے کی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق مذکورہ اراضی پر کئی برسوں سے قبضے برقرار تھے۔ کارروائی کے دوران بھاری مشینری اور پولیس کی بڑی تعداد تعینات کی گئی تھی جبکہ ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے آپریشن کی نگرانی کی۔ انہدامی کارروائی سے قبل متاثرہ خاندانوں کو سرکاری نوٹس جاری کئے گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق بعض خاندانوں نے کارروائی سے پہلے ہی اپنے مکانات کو خود منہدم کرتے ہوئے ٹین کی چادریں، لکڑی اور دیگر قابل استعمال سامان محفوظ کرلیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ ضلع کے مختلف ولیج گریزنگ ریزرو (وی جی آر) اور پروفیشنل گریزنگ ریزرو علاقوں میں تقریباً 450 خاندانوں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے 14 نومبر کو کوئلاماری اور بوربیل علاقوں میں بھی سرکاری اراضی سے مبینہ غیر مجاز قبضے برخاست کرنے کے لیے مزید انہدامی کارروائیوں کا منصوبہ بنایا ہے۔