آمدنی کے لحاظ سے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو سارے ملک میں چوتھا مقام

   

نئی دہلی کو پہلا ، ہاوڑہ اسٹیشن کو دوسرا ، چینائی سنٹرل کو تیسرا مقام ، محکمہ ریلویز کا اعلان
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ہندوستانی ریلوے ساری دنیا میں شہرت رکھتا ہے ۔ جس کے پاس دنیا کا چوتھا سب سے بڑا ریلوے نیٹ ورک ہے ۔ ملک کے زیادہ تر لوگ ریلوے سفر کو پسند بھی کرتے ہیں ۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے ہر سال ریلوے اسٹیشنس کی آمدنی کا اعلان کیا جاتا ہے ۔ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن مالیاتی سال 2023-24 سب سے زیادہ آمدنی والے ریلوے اسٹیشنس کی فہرست ( نمبر ون ) سرفہرست مقام حاصل کیا ہے ۔ مغربی بنگال کا ہاوڑہ اسٹیشن دوسرے نمبر پر ہے اور چینائی کا ایم جی آر سنٹرل ریلوے اسٹیشن تیسرے نمبر پر ہے جب کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو سارے ملک میں چوتھا مقام حاصل ہوا ہے ۔ دہلی ریلوے اسٹیشن سے ریلوے کو سالانہ 3337 کروڑ روپئے کی آمدنی ہورہی ہے ۔ یہ ریلوے اسٹیشن کمائی کے معاملے میں پہلے نمبر پر ہے ۔ ہاوڑہ ریلوے اسٹیشن کو 1692 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ چینائی سنٹرل کو 1299 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو 1276 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ 500 کروڑ سے زیادہ کمانے والے ریلوے اسٹیشنس کو غیر مضافاتی گروپ I کے زمرہ میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس فہرست میں 28 ریلوے اسٹیشنس کو جگہ ملی ہے ۔ مسافرین کی تعداد کے لحاظ سے ممبئی کا تھانہ ریلوے اسٹیشن سرفہرست ہے ۔ مالیاتی سال 2023-24 میں اس اسٹیشن سے 93.06 کروڑ مسافرین نے سفر کیا ہے ۔ ممبئی کے کلیان ریلوے اسٹیشن کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ جہاں سے 83.79 کروڑ مسافرین نے سفر کیا ہے ۔ اس طرح نئی دہلی کے ریلوے اسٹیشن سے 39.36 کروڑ مسافرین سفر کررہے ہیں ۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو بھی اس فہرست میں جگہ ملی ہے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے میں سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے بعد صرف وجئے واڑہ کے این ایس جی I کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ اس شناخت کے بعد مرکز ان اسٹیشنس کے لیے مزید فنڈز مختص کرے گی ۔ اس کے علاوہ ریلوے عہدیداروں نے مسافرین کو مزید جدید سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔۔ 2