شراب کی دکانات کیلئے 89 ہزار سے زائد درخواستیں وصول
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں حکومت کی جانب سے نئی شراب پالیسی کے اعلان کے بعد شراب کی دکانات کیلئے درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاست بھر میں 3396 شراب کی دکانات کیلئے جملہ 89882 درخواستیں داخل کی گئیں۔ آندھرا پردیش حکومت کو شراب کے ٹنڈرس کے ذریعہ 1797.64 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ حکومت نے 16 اکٹوبر سے ریاست میں نئی شراب پالیسی کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔ شراب کی دکانات کیلئے سابق کے مقابلہ اس مرتبہ ریکارڈ تعداد میں درخواستیں داخل کی گئیں۔ درخواستوں کے مطابق ہر ایک دکان کیلئے 25 تا 26 درخواستیں داخل کی گئیں۔ این ٹی آر ضلع میں سب سے زیادہ اور الوری سیتا راما راجو ضلع میں سب سے کم درخواستیں داخل کی گئیں۔ این ٹی آر ضلع میں 113 شراب کی دکانات کیلئے 5800 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ ہر دکان کیلئے 50 سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ اننت پور ضلع میں 12 شراب کی دکانات کیلئے کافی کم درخواستیں داخل ہوئیں جس پر محکمہ ایکسائیز نے دوبارہ درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مرتبہ بیرونی ممالک سے شراب کی دکانات کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال میں اضافہ دیکھا گیا۔ حکومت نے کاروباریوں کے درمیان سنڈیکیٹ کی تشکیل کو روکنے کے اقدامات کئے ہیں۔ پالیسی کے مطابق کل 14 اکٹوبر کو لاٹری کے ذریعہ دکانات کا الاٹمنٹ کیا جائے گا اور 16 اکٹوبر سے ریاست میں نئی ایکسائیز پالیسی نافذ ہوجائے گی۔1