آٹو ڈرائیورس کا اچانک معظم جاہی مارکٹ پر احتجاج

   

خودکشی کی کوشش، ٹریفک نظام درہم برہم، عوام کو شدید مشکلات
حیدرآباد ۔ 25 اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے قلب معظم جاہی مارکٹ چوراہا پر آج اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے ایک ڈرائیور نے مبینہ طور پر اپنے جسم پر ڈیزل چھڑک کر خودکشی کی کوشش کی۔ موقع پر موجود پولیس اور ساتھی ڈرائیوروں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے اسے اس انتہائی اقدام سے روک لیا۔ احتجاجی آٹو ڈرائیورس نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت کی جانب سے آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کرنے کی اسکیم کا آغاز کرنے کے بعد سے ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ وہ اپنے خاندان کی کفالت کرنے سے قاصر ہیں۔ احتجاجی آٹو ڈرائیورس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے آٹومیٹر کے کرایوں میں فوری طور پر اضافہ کیا جائے۔ حیدرآباد کے مقامی ڈرائیورس نے مطالبہ کیا کہ دوسرے اضلاع سے آنے والے آٹوس کو شہر کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے تاکہ مقامی ڈرائیورس کا روزگار محفوظ رہ سکے۔ آٹو ڈرائیورس کے اچانک احتجاج پر معظم جاہی مارکٹ جیسے مصروف ترین علاقہ میں تقریباً ایک گھنٹے تک ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ کئی مقامات پر ٹریفک جام ہوگئی۔ گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملی اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرین کو وہاں سے ہٹانے اور ٹریفک بحال کرنے کی کوشش کی۔ آٹو یونینوں کا کہنا ہیکہ اگر حکومت ان کے مسائل پر مثبت توجہ نہ دی تو وہ اپنے احتجاج میں مزید شدت پیدا کریں گے۔2/A/b