تلنگانہ کی ووٹر لسٹ سے 70 لاکھ ناموں کا اخراج SIR مہم کا سنسنی خیز نتیجہ

   

2.65 کروڑ سے زائد ووٹ برقرار رہنے کا امکان ، 9 نومبر کو فائنل ووٹر لسٹ کی اجرائی

حیدرآباد : /8 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کا عمل تیزی سے اپنے حتمی مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ چہارشنبہ کو مسودہ ووٹر لسٹ پر دعووں اور اعتراضات کی وصولی کا وقت ختم ہوگیا ۔ انتخابی حکام کے مطابق SIR مہم کی مکمل پروسیسنگ کے بعد ریاست میں ووٹرس کی جملہ تعداد میں تقریباً 70 لاکھ ووٹوں کا گھاٹا دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔ جہاں SIR مہم سے پہلے تلنگانہ میں جملہ ووٹرس 3.38 کروڑ تھے ۔ وہی /9 نومبر کو حتمی فہرست شائع ہونے تک ووٹرس کی جملہ تعداد 2.65 کروڑ سے 2.70 کروڑ کے درمیان رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ فی الحال تقریباً 2.31 کروڑ ووٹرس کی شناخت فائنل ووٹر لسٹ میں شمولیت کیلئے مکمل ہوچکی ہے ۔ ووٹر لسٹ سے نام خارج کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کو مجموعی طور پر 27,193 فارم ۔ 7 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ ان میں زیادہ تر درخواستیں اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی ، میڑچل ، ملکاجگری ، سدی پیٹ اور سنگاریڈی سے جمع کروائی گئی ہیں ۔ جملہ موصولہ فارمس میں سے 25,335 درخواستیں فی الوقت زیرالتواء ہیں ۔ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بنڈل کی شکل میں فارم ۔ 7 جمع کروانے پر تحفظات کے بعد انتخابی حکام کو الرٹ کردیا گیا ہے ۔ انتخابی عہدیداروں کے مطابق ہر ایک درخواست کا فیلڈ لیول پر ازسرنو معائنہ کرنے کے بعد ہی آئندہ پیشرفت کی جائے گی ۔ ان تمام فارمس کو حل کرنے کی آخری تاریخ /5 نومبر مقرر کی گئی ہے ۔ ووٹر لسٹ کی جامع نظرثانی کے اس مرحلے میں 4.35 لاکھ نوجوانوں اور بیرون ملک رہنے والے 6233 این آر آئیز نے ووٹر لسٹ میں اپنے نام درج کروانے کیلئے درخواستیں دی ہیں ۔ ووٹر شناختی کارڈ کی تفصیلات یا پتہ تبدیل کروانے کیلئے 2,62,719 لاکھ فارم ۔ 8 موصول ہوئے ہیں ۔ جب ریاست میں ووٹر لسٹ کی جامع نظرثانی مہم کا آغاز کیا گیا تھا ۔ اس وقت 3.38 کروڑ ووٹرس میں اینومریشن فارمس تقسیم کئے گئے تھے ۔ جس میں 2.64 کروڑ افراد کے فارمس درست پائے گئے تھے ۔ اسکروٹنی کے دوران 92.87 لاکھ سے زائد ووٹرس کے نام ۔ عمر ۔ جنس اور تصویر کا تضاد تھا ۔2
جبکہ 32.36 لاکھ ووٹرس نے 2002 ء کی ووٹر لسٹ سے متعلقہ تفصیلات پیش نہیں کی تھی ۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے جملہ 91,92,625 لاکھ نوٹسیں جاری کئے گئے ہیں ۔ جن میں سے 71,23,526 لاکھ ووٹرس تصدیق کے بعد فائنل لسٹ کیلئے اہل پائے گئے ہیں ۔ باقی 95,555 نوٹس زیرالتواء ہیں ۔ ان زیرالتواء درخواستوں کی جانچ مکمل کرکے سنٹرل الیکشن کمیشن /9 نومبر کو فائنل اور شفاف ووٹر لسٹ کا اعلان کرے گا ۔ 2