سعودی عرب میں ہندوستانیوں کیلئے احتیاط ضروری ۔ گھروں میں رہنے سفارتخانہ کا مشورہ

,

   

نئی دہلی، 8 اکتوبر (ایجنسیز ) سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی باشندوں کو احتیاط برتنے اور چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ ریاص میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری مشورہ میں ہندوستانی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حوثیوں کے حملوں کے پیش نظر چوکس رہیں اور احتیاط برتیں اور مقامی حکام کی جانب سے جو کچھ بھی ہدایات جاری کی جائیں ان کی پابندی کی جائے ۔ مشورہ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں مملکت سعودی عرب میں مقیم ہندوستانیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ چوکس اور الرٹ رہیں۔ جتنا ممکن ہوسکے گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔ مقامی حکام کی جانب سے سرکاری ذرائع سے جو کچھ بھی ہدایات جاری کی جائیں ان کی پابندی کی جائے ۔ سفارتخانہ نے ہندوستانیوں سے کہا ہے کہ وہ موجودہ واقعات کے ویڈیوز یا خبروں کو پھیلانے یا ان کو ری پوسٹ کرنے سے بھی ممکنہ حد تک گریز ہی کریں اور ان سے دور رہیں۔ واضح رہے کہ ریاض ائرپورٹ پر حوثی باغیوں کے حملوں کے بعد یہ مشورہ جاری کیا گیا ہے ۔ حوثیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔ حوثی ترجمان یحیی ساری نے کہا تھا کہ شاہ خالد انٹرنیشنل ائرپورٹ کو ایک بیالسٹک میزائیل کے ذریعہ نشانہ بنایا گیا تھا ۔ اس کے نتیجہ میں ائرپورٹ پر آمد و رفت اور دیگر سرگرمیاں متاثر ہوگئی تھیں۔