ائی ایس آر او سائنس دان کا حیدرآباد میں قتل

,

   

حیدرآباد۔ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن(ائی ایس آر او)کے این آر ایس سی سے تعلق رکھنے والے ایک سائنس داں کی نعش اس کے اپارٹمنٹ سے دستیاب ہوئی ہے‘ پولیس نے اس بات کی میڈیا کو جانکاری دی۔مبینہ طور پر 56سالہ ایس سریش کو قلب شہر میں واقع اننا پورنا اپارٹمنٹ امیر پیٹ میں نامعلوم افراد نے قتل کردیا۔

کیرالا کے ساکن سریش فلیٹ میں تنہا رہتے تھے۔

منگل کے روز جب وہ افس نہیں پہنچے تو ان کے ساتھیوں نے سریش کے موبائیل فون پر کال کیا مگر کوئی جواب نہیں ملا تو انہوں نے چینائی میں بینک ملازم سریش کی بیوی کو آگاہ کیا۔

سریش کی بیوی اپنے کچھ دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ حیدرآباد پہنچی اور پولیس سے رجوع ہوئی۔

پولیس کی نگرانی میں سریش کے فلیٹ کا دروازہ توڑا گیا اور اندر سریش کی نعش انہیں ملی۔

پولیس کو شبہ ہے کہ کسی وزنی چیز سے سریش کے سر پر مارنے کی وجہہ سے موت ہوگئی ہے‘ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کردیاگیا۔

پولیس کی ٹیم موقع سے شواہد اکٹھا کرنے میں جٹی ہوئی ہے۔

سینئر پولیس افیسر بھی جائے واردات پہنچے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کے لئے عمارت میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی جانچ کررہے ہیں۔

پچھلے بیس سالوں سے سریش حیدرآباد میں مقیم تھے۔

ان کی بیوی بھی شہر میں ملازم تھیں مگر 2005میں چینائی تبادلہ ہوگیا۔ لڑکا امریکہ میں مقیم ہے وہیں لڑکی دہلی میں رہتی ہے۔