امیدواروں کا اظہار تشویش، برخواستگی کا مطالبہ، ناگرکرنول کلکٹر سے نمائندگی
ناگرکرنول 20/ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ایس سی، ایس ٹی، بی سی کے لیے اردو میڈیم پوسٹوں کو ریزرو کرنا درست نہیں ہے۔اس میں ترمیم کی جائے اور ری روسٹر کا اعلان کیا جائے۔ناگر کرنول سیکنڈری گریڈ ٹیچر، اسکول اسسٹنٹ اردو میڈیم امیدواروں نے کلکٹر اور ڈی ای او کو درخواست دی۔سیکنڈری گریڈ ٹیچر اردو اور اسکول اسسٹنٹ اردو میڈیم کے امیدواروں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکنڈری گریڈ ٹیچر، اسکول اسسٹنٹ اردو میڈیم کے لیے BC-D اور دیگر زمروں کے لیے ریزرویشن کرکے ہمارے ساتھ ناانصافی کرنا درست نہیں ہے اور ہماری پوسٹیں ہمیں الاٹ کی جائیں۔ اردو میڈیم کے امیدواروں نے ناگر کرنول ضلع مستقر پر واقع کلکٹر کے دفتر میں ضلع کلکٹر پی۔ ادے کمار اور ڈی ای او گووندا راجو کو عرضی سونپی۔اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ پچھلے کچھ سالوں سے اردو میڈیم پر یقین رکھتے ہوئے اردو پڑھتے ہوئے اور میگا ڈی ایس سی کے انتظار کر رہے ہیں۔ہمیں BC-E یا جنرل زمرہ میں پوسٹ الاٹ کیے بغیر سیکنڈری گریڈ ٹیچر BC-D میں 4 آسامیاں اور اسکول اسسٹنٹ ریزرو کیٹیگری میں (6) آسامیاں مختص کرنا مناسب نہیں ہے۔انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ BC-D اور دیگر ریزرویشن سے متعلق زمرہ میں آسامیوں کو بھرنے کے لیے روسٹر کا اعلان کرنا ہمارے ساتھ نا انصافی ہے۔ کیونکہ مسلم طلبہ کی اکثریت اردو میڈیم پڑھتی ہے اور یہ ہمارے ساتھ ناانصافی ہے۔ حکومت کو جواب دینا چاہئے اور BC-E یا جنرل زمرہ میں اردو میڈیم کے عہدوں کو مختص کرنا چاہئے۔اس کے لئے انہوں نے ضلع کلکٹر اور ڈی ای او کو درخواست دی اور ان سے انصاف کرنے کی اپیل کی۔اس پروگرام میں ضلع نگر کرنول سے تعلق رکھنے والے سیکنڈری گریڈ ٹیچر اور اسکول اسسٹنٹ اردو میڈیم امیدواروں نے حصہ لیا۔