اردو میڈیم ٹیچرس کی جائیدادوں کو غیر محفوظ زمرہ میں تبدیل کیا جائے

   

جناب عامر علی خاں کا چیف منسٹر کو مکتوب، تمام اردو میڈیم نشستوں پر تقررات کی راہ ہموار ہوگی

حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو یادداشت پیش کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی (DSC) 2024 کے تقررات میں اردو میڈیم جائیدادوں کو غیر محفوظ زمرہ قرار دینے کی خواہش کی تاکہ اردو میڈیم امیدواروں کے تقررات کو یقینی بنایا جاسکے۔ اساتذہ کی مختلف تنظیموں نے جناب عامر علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں نمائندگی کی اور اس معاملہ میں مداخلت کی اپیل کی۔ اردو میڈیم کی 1179 جائیدادوں میں صرف 516 جائیدادیں مسلم امیدواروں کیلئے دستیاب ہیں جبکہ باقی663 جائیدادیں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اے، بی سی بی، بی سی سی اور بی سی ڈی زمرہ جات کے لئے مختص کی گئی ہیں۔ مختلف طبقات کے لئے محفوظ کی گئی نشستوں پر تقررات ممکن نہیں کیونکہ غیر اقلیتی امیدوار اردو سے ناواقف ہوتے ہیں۔ جناب عامر علی خاں نے چیف منسٹر سے اپنی نمائندگی میں اردو میڈیم کی تمام جائیدادوں کو غیر محفوظ قرار دینے کی اپیل کی تاکہ تمام نشستوں کو اہل اردو امیدواروں سے پُر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کی اہمیت کے قطع نظر اردو میڈیم جائیدادوں کا معاملہ مختلف ہے۔ تمام نشستوں کو غیر محفوظ قرار دینے سے کئی برسوں سے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی راہ ہموار ہوگی۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ اردو میڈیم اساتذہ اور طلبہ کو اس فیصلہ سے فائدہ ہوگا۔ تلنگانہ میں اردو دوسری سرکاری زبان کا درجہ رکھتی ہے لہذا اردو کے تحفظ اور فروغ کے علاوہ اردو زبان میں تعلیم کی فراہمی کے اقدامات کے تحت اردو میڈیم نشستوں کو تحفظات کے زمرہ سے علیحدہ کیا جانا چاہیئے۔ جناب عامر علی خاں نے تلنگانہ میں مسلم تحفظات کے لئے طویل عرصہ تک مہم چلائی تھی۔ اردو زبان کے فروغ کیلئے روز نامہ سیاست کی جانب سے کئی قدم اٹھائے گئے اور باقاعدہ عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔1