حیدرآباد۔ 26 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے لئے عنقریب بس یاترا کے آغاز کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں جگتیال میں کامیاب جلسہ عام سے بی آر ایس کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں۔ کے سی آر نے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس میں جگتیال جلسہ کی کامیابی کو دیگر اضلاع تک توسیع دینے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے عوام کے درمیان واپسی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے وہ جلد ہی بس یاترا کا آغاز کریں گے۔ بس یاترا کے ذریعہ 119 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور دیگر دو کارپوریشنوں کے مجوزہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں کے سی آر نے حکمت عملی تیار کی ہے۔ بس یاترا کے تحت گریٹر حیدرآباد کی تمام بلدیات کا احاطہ کرکے پارٹی کے بہتر نتائج کو یقینی بنایا جائیگا۔ 1؍F