اسرو کے کامیاب خلائی مشن میں حیدرآبادی ادارہ کا اہم رول

   

اننت ٹکنالوجیز کا اسرو سے دیرینہ اشتراک

حیدرآباد ۔17۔جنوری (سیاست نیوز) خلائی تحقیق کے ہندوستانی ادارہ اسرو کی اسپیڈ ایکس مشن کی کامیابی میں حیدرآباد کا اہم رول ہے۔ پراجکٹ کی تکمیل میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اننت ٹکنالوجی نے اہم رول ادا کیا ہے جو خلائی تحقیق کے شعبہ میں اسرو کے ساتھ اشتراک میں شامل ہے۔ اسرو نے اسپیڈ ایکس مشن کے تحت دو سیٹلائیٹ کامیابی کے ساتھ خلاء میں روانہ کئے ہیں۔ پراجکٹ کی کامیابی سے ہندوستان کا شمار امریکہ ، روس اور چین کے بعد چوتھے ملک کے طور پر ہوا ہے جس نے خلائی تحقیق کے شعبہ میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ اسرو نے حالیہ برسوں میں کئی اہم کامیابی حاصل کی اور آنے والے برسوں میں مزید کئی خلائی مہمات کی تیاری ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ادارہ اننت ٹکنالوجی نے سیٹلائیٹ کے اہم اجزاء کی سربراہی عمل میں لائی تھی جس میں آر پی یو یونٹ اور بی سی کنورٹرس شامل ہیں۔ صدرنشین اور مینجنگ ڈائرکٹر اننت ٹکنالوجیز ڈاکٹر پی سبا راؤ نے مشن کی کامیابی پر اسرو کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرو کے اس مشن میں اننت ٹکنالوجیز کے اشتراک پر ہمیں فخر ہے۔ خلائی تحقیق کے شعبہ میں گزشتہ تین دہوں سے یہ ادارہ اسرو کے ساتھ اشتراک کر رہا ہے اور سیٹلائیٹ سسٹم کے علاوہ لانچ وہیکل کے ضروری آلات اور کئی اہم ٹکنالوجیز کی فراہمی میں اسرو سے اشتراک ہے۔ ڈاکٹر سبا راؤ نے کہا کہ اسرو کی کامیابیاں ادارہ کیلئے باعث فخر ہے۔ خلائی تحقیق کے شعبہ میں حیدرآبادی ادارہ کے اہم رول پر ہر گوشہ سے مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔1