5 ارکان مقننہ شامل، 2 مشیران اور ایک صدر نشین کو کابینی درجہ
حیدرآباد۔9 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاستی وزراء کے علاوہ حکومت کے مشیران اور بعض کارپوریشنوں کے صدور نشین کو کابینی وزیر اور منسٹر آف اسٹیٹ کا رتبہ فراہم کیا ہے جس کے ذریعہ سیاسی قائدین کو اہم مراعات حاصل ہو رہی ہیں۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے 3 ارکان سی ایچ وجئے رمنا راؤ، وائی سرینواس اور وی ویریشم کو گورنمنٹ وہپ مقرر کرتے ہوئے انہیں منسٹر آف اسٹیٹ رینک دیا گیا۔ دو ارکان قانون ساز کونسل اے دیاکر اور بی وینکٹ کو کونسل میں گورنمنٹ وہپ مقرر کرتے ہوئے منسٹر آف اسٹیٹ رینک کے تحت مراعات دی گئی ہیں۔ ریاست میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بشمول 16 وزراء ہیں جبکہ 12 سے زائد مشیروں، صدور نشین اور عوامی نمائندوں کو کابینی یا منسٹر آف اسٹیٹ رینک کی مراعات دی گئی ہیں۔ حکومت کی اسکیمات کے لئے مقرر کردہ مشیر پی سدرشن ریڈی کے علاوہ ڈاکٹر کے کیشوراؤ، صدر نشین سیول سپلائز کارپوریشن کے پریم ساگر راؤ کو کابینی درجہ دیا گیا ہے۔ سدرشن ریڈی کو کابینی درجہ کے ساتھ کابینہ کے اجلاس میں خصوصی مدعو کا درجہ دیا گیا اور وہ ریاستی وزیر کے عہدے کے بغیر ہی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کرسکتے ہیں۔1؍F