حیدرآباد۔12۔ستمبر۔(سیاست نیوز) کہاںہے رحمت بیگ !یہ سوال اب شہریوں کو تشویش میں مبتلاء کرنے لگا ہے کیونکہ شہر واپسی کے ویڈیو کے بعد رحمت بیگ کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہورہی ہے حالانکہ ابراہیم باغ میں واقع ان کے مکان کے قریب کی مسجد میں گذشتہ یوم نماز جمعہ کے موقع پر ان کے سیکیوریٹی اہلکار موجود تھے لیکن وہ نظر نہیں آئے ۔بتایاجاتاہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے سیاسی حلقوں میں اب بیرسٹر اسداویسی کی ہدایت اور جناب اکبر الدین اویسی کا انتباہ موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ بیشتر سیاسی قائدین کا کہناہے کہ رکن قانون ساز کونسل استعفیٰ نہ دیتے ہوئے پارٹی کی ہدایت سے انحراف کر رہے ہیں جبکہ رحمت بیگ کا دعویٰ ہے کہ پارٹی سے اخراج کے بغیر انہیں قانون ساز کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہونے کے لئے کہا جا تا تو وہ پارٹی صدر اور پارٹی کی ہدایت پر عمل کرنے کے پابند تھے لیکن پارٹی سے اخراج کے بعد انہیں رکنیت سے مستعفی ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے دباؤ ڈالا جا رہاہے جس کا پارٹی کو اختیار نہیں ہے۔ بتایا جاتاہے کہ رحمت بیگ کا استدلال ہے کہ اگر انہیں پارٹی سے خارج کرنے سے قبل اس بات کی ہدایت دی جاتی کہ وہ قانون ساز کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں تو وہ پارٹی صدرکے حکم ’کی اتباع کرتے ہوئے مستعفی ہوجاتے لیکن پارٹی سے خارج کئے جانے کے بعد ان کے لئے یہ لازمی نہیں ہے کہ وہ مجلس کے صدر کی ’ہدایات ‘ پر عمل کریں۔ رحمت بیگ کے مستعفی نہ ہونے پر جماعت کے سرکردہ قائدین کو بھی کسی بھی طرح کی گفتگو کی اجازت نہیں ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملہ میں کسی سے کوئی بات چیت نہ کریں ۔ ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رحمت بیگ کی نقل و حرکت پر خفیہ ایجنسیوں اور جماعت کے کارکنوں کی گہری نظر ہے لیکن کوئی بھی مصدقہ طور پر رحمت بیگ کی معلومات فراہم نہیں کر پا رہا ہے۔ مدینہ منورہ میں رحمت بیگ سے ملاقات کرنے والے ’’وفد‘‘ میں شامل افراد بھی اس سلسلہ میں کسی بھی طرح کی گفتگو یا ہونے والی بات چیت کے انکشاف کے لئے تیار نہیں ہیں۔ مدینہ منورہ سے رحمت بیگ کی واپسی کے دوسرے ہی دن صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی کی دبئی روانگی پر بھی کئی سوال کئے جا رہے ہیں اور کہا جارہاہے کہ رحمت بیگ کی شہر واپسی کے ساتھ ہی صدر مجلس کی دبئی روانگی کے درمیان کوئی تعلق تو نہیں ہے!علاوہ ازیں اب رحمت بیگ کو ملک کے مختلف شہروں میں تلاش کرتے ہوئے یہ باور کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ رحمت بیگ شہر واپسی کے بعد کسی اور شہر کے لئے روانہ ہوچکے ہیں ۔3/a/b