چینائی : ہندوستانی ٹیم کے سینئر آف اسپنر روی چندرن اشون نے یہاں انگلینڈ کیخلاف کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ میں ہندوستان کے سابقہ آف اسپنر ہربھجن سنگھ کو پیچھے چھوڑدیا ہے اور ٹسٹ کرکٹ میں ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں میں اب وہ سابق کپتان انیل کمبلے کے بعد دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں ۔ اشون نے ہربھجن سنگھ کی جانب سے ہندوستان میں 265 وکٹیں حاصل کرنے کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑدیا ہے جو کہ آف اسپنر 28.76 کی اوسط سے حاصل کئے ہیں ۔ اشون نے بین اسٹوکس کو آؤٹ کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا ہے ۔ اشون کی ہندوستان میں 266 ویں وکٹ 22.67 کی اوسط سے مکمل ہوئی ہے اور ہندوستان میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ سابق کپتان انیل کمبلے کے نام ہے جنہوں نے 24.88 کی اوسط سے 350 وکٹیں حاصل کئے ہیں ۔ اس کے علاوہ کملبے ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا بھی ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں ۔ جیسا کہ انہوں نے 619 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ ہربھجن اس فہرست میں تیسرے مقام پر فائز ہیں جنہوں نے اپنے ٹسٹ کیرئیر میں 417 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ کپل دیو 434 وکٹوں کے ساتھ دوسرے مقام پر موجود ہیں ۔
پجارا زخمی ، انگلینڈ کی اننگز میں فیلڈنگ نہیں کی
چینائی : ہندوستانی بیٹسمن چیتیشور پجارا بیاٹنگکے دوران سیدھے ہاتھ پر لگنے والی گیند کے بعد زخمی ہوئے جس کی وجہ سے انہوں نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں فیلڈنگ نہیں کی ۔ پجارا جنہوں نے پہلی اننگز 58 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 21 رنز بنائے تھے ۔ تاہم انہوں نے صبح کے سیشن میں زخمی ہونے کے بعد انگلینڈ کی اننگز میں فیلڈنگ نہیں کی ۔ بی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پجارا کو سیدھے ہاتھ کا زخم ہے جو کہ پہلے دن بیٹنگ کے دوران لگا تھا ۔ پجارا جنہیں آسٹریلیا کیخلاف حالیہ اختتام پذیر سیریز کے دوران بھی اپنے جسم پر بہت زیادہ گیندیں برداشت کرنی پڑی تھیں لیکن برسبین میں انہوں نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے ہندوستان کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا تھا ۔