حکومت کی عالمی اداروں سے افغان عوام کی مدد کرنے کی اپیل
کابل: افغانستان کے مشرقی صوبے لوگر میں سیلابی ریلے نے گاؤں کے گاؤں صفحہ ہستی سے مٹا دیئے جب کہ 20 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔ میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبے لوگر میں مسلسل بارشوں کے بعد ڈیم ٹوٹ گئے۔ سیلابی پانی رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا اور اپنے راستے میں آنے والے 3 ہزار گھروں کو بہا لے گیا۔گاؤں کے گاؤں ملیا میٹ ہوگئے۔ امدادی کاموں کے دوران 20 نعشیں ملی ہیں جبکہ30 سے زائد زخمی ہوئے۔ سیلابی پانی میں 5 ہزار ایکڑ پر محیط باغات مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور 2 ہزار مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ عالمی قوتوں کی جانب سے تاحال منجمد افغان فنڈز جاری نہ ہونے سے حکومت شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ گزشتہ برس اگست میں افغانستان میں قائم ہونے والی طالبان حکومت کے پاس مشینری اور ماہر ریسکیو ٹیم کا بھی فقدان ہے۔ حکومت نے عالمی اداروں سے افغان عوام کی مدد کی اپیل کی ہے۔