اقلیتی بہبود کے مکمل بجٹ کی اجرائی اور استعمال کو یقینی بنائیں : ٹی ہریش راؤ

,

   

٭ اقلیتوں کو قرض ‘ شادی مبارک ‘ و پہاڑی شریف پر ریمپ کی تعمیر کیلئے رقم جاری کی جائے
٭ بینک سے مربوط قرض کی اجرائی کیلئے 70 کروڑ روپئے کے اضافہ کا فیصلہ
٭ جناب محمد محمود علی ‘ کے ایشور اور صدور نشین کے ساتھ وزیر فینانس کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔23۔ڈسمبر(سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت برسر کار اداروں کو درکار بجٹ کی اجرائی میں کوتاہی نہ کی جائے اور اقلیتوں کو قرض کی فراہمی ‘ شادی مبارک اسکیم ‘ اردو اکیڈمی کے ذریعہ صحافیوں کی مالی امداد کے علاوہ درگاہ حضرت بابا شرف الدین سہروردیؒ کے ریمپ کی تعمیر کیلئے فوری بجٹ کی اجرائی عمل میں لانے اقدامات کئے جائیں۔ علاوہ ازیں محکمہ اقلیتی بہبود کے محکمہ جات کو بجٹ کو فروری 2023کے اختتام سے قبل استعمال کرکے استفادہ کنندگان تک پہنچایا جائے۔ وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے وزیر اقلیتی بہبود کوپالہ ایشور‘ جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ کے ہمراہ جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ ‘ جناب اسحق امتیاز صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ‘ جناب محمد خواجہ مجیب الدین صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈمی کے علاوہ محکمہ فینانس و محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس کے دوران یہ ہدایات جاری کی اور کہا کہ جاریہ مالی سال کے دوران اقلیتوں کے مکمل بجٹ کی اجرائی اور اس کے استعمال کو یقینی بنایا جائیگا ۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں کو شادی مبارک اسکیم کے تحت زیر التواء درخواستوں کیلئے درکار مالیہ کی فراہمی کو مرحلہ وار انداز میں جاری کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ حکومت کی اسکیم پر مؤثر عمل کو یقینی بنایا جائے اور رقومات کی اجرائی میں تاخیر نہ کی جائے۔ وزیر فینانس نے تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ذریعہ بینک سے مربوط قرضہ جات کی اجرائی کیلئے اضافی رقم کی منظوری کا تیقن دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں ملنے والی نمائندگیوں کا جائزہ لینے کے بعد اس میں 70کروڑ کے اضافہ کافیصلہ کیا گیا ہے۔ عرصہ دراز سے زیر التواء درگاہ حضرت باباشرف الدین سہروردیؒ کے ریمپ کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور مالیہ کی فراہمی کے ذریعہ فوری تعمیراتی کاموں کو مکمل کرنے کی ہریش راؤ نے ہدایت دی اور کہا کہ اس کیلئے درکار مالیہ کی فراہمی کے فوری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ نئی اسکیمات اور منصوبوں کا جائزہ لے کر آئندہ بجٹ میں انہیں شامل کرنے کی تجاویز تیار کریں۔ صدر تلنگانہ اردو اکیڈمی نے اجلاس کے دوران عہدیداروں پر بجٹ کی عدم اجرائی کا الزام عائد کرکے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے جائزہ حاصل کرنے کے بعد سے بجٹ جاری کرنے میں کوتاہی مشکل کا سبب بن رہی ہے۔ اجلاس کے دوران محکمہ فینانس نے چھوٹے اخبارات کے صحافیوں کی امداد کیلئے 38 لاکھ کی منظوری اور فوری اجرائی کے احکام جاری کئے ۔م