امرناتھ گپھا کے قریب لاپتہ یاتریوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری

   

سری نگر ۔ شری امر ناتھ گپھا کے قریب جمعہ کی سہہ پہر کو بادل پھٹنے کے واقعہ کے بعد ہفتہ کی صبح ممکنہ طور پر زائد از 30 لاپتہ یاتریوں کی تلاش کے لئے بڑے پیمانے پر بچاؤ آپریشن بحال کر دیا گیا۔ بتادیں کہ جمعے کے روز شری امر ناتھ گپھا کے نزدیک بادل پھٹنے کے واقعہ کے نتیجے میں کم سے کم 15 یاتری از جان جبکہ درجنوں لاپتہ ہوئے تھے ۔ ڈائریکٹر نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس(این ڈی آر ایف) اتل کر وال نے یو این آئی کو بتایا کہ ہفتہ کی صبح ساڑھے چار بجے تک بچاؤ آپریشن جاری رہا جس کے بعد کچھ دیر کے لئے اس کو بارشوں کے باعث معطل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 6:30 صبح سے آپریشن بحال کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 30 سے 35 یاتریوں کا ابھی بھی لاپتہ ہونے کا امکان ہے ۔ موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ لاپتہ یاتریوں کی تلاش کے لئے مزید وسائل بشمول پنجاب سے کینائن اسکارڈ کو کام پر لگایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا: ‘بھٹندی سے کینائن اسکارڈ کو جہاز کے ذریعے لایا جا رہا ہے تاکہ وہ زندہ متاثرین کو تلاش کر سکیں اس کے علاوہ مزید افرادی قوت اور ضروری ساز و سامان کو بھی لایا جا رہا ہے ۔ این ڈی آر ایف، فوج، پولیس، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ڈی آر ایف کے علاوہ کئی ایجنسیاں بچاؤ آپریشن میں لگی ہوئی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 43 دنوں پر محیط 30 جون سے شروع ہونے والی اس سالانہ یاترا کے دوران قریب نوے ہزار یاتریوں نے پوتر گپھا کا درشن کیا ہے ۔