امریکہ میں حصول تعلیم کے رجحان میں غیر معمولی اضافہ

   

حیدرآباد۔8اپریل۔(سیاست نیوز) امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے رجحان میں اضافہ ریکارڈ کیا جا نے لگا ہے اور گذشتہ دو برسوں کے دوران کورونا وائرس کے سبب پیدا شدہ حالات میں امریکی قونصل خانو ںکی جانب سے محض طلبہ و طالبات کو ویزوں کی اجرائی کے نتیجہ میں بڑی تعداد میں ہندستانی طلبہ امریکہ کے لے روانہ ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں اور جاریہ برس بھی بڑی تعداد امریکہ میں حصول علم کے لئے روانہ ہورہی ہے۔ امریکی حکام کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو ہندستان سے امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے پہنچنے والے طلبہ کی تعداد میں گذشتہ دو برسوں کے دوران 12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے اور ہندستانی طلبہ کی جانب سے مغربی ممالک میں امریکہ اولین ترجیح بنتا جارہا ہے ۔ جن ممالک میں ہندستانی طلبہ تعلیم حاصل رہے ہیں ان میں امریکہ ‘ کینیڈا‘ آسٹریلیاء ‘ نیوزی لینڈ‘برطانیہ کے علاوہ کئی ممالک ہیں جہاں ہندستانی طلبہ داخلہ حاصل کر رہے ہیں۔ امریکی حکام کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق سال 2021 کے دوران اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے امریکہ پہنچنے والے ہندستانی طلبہ کی تعداد میں 12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ چین سے امریکہ پہنچنے والے طلبہ کی تعداد میں بھاری گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق چین سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے امریکہ پہنچنے والے طلبہ کی تعداد میں 8 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ کافی بڑی گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے اور ہندستانی طلبہ کی تعداد میں ریکارڈ کیا جانے والا اضافہ بھی نمایاں طور پر دیکھا جانے لگا ہے۔ریکارڈ کے مطابق سال 2021کے دوران مجموعی اعتبار سے امریکہ پہنچنے والے بیرونی طلبہ کی تعداد میں 1.2 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ ہندستان سے سال 2021کے دوران 2لاکھ 32ہزار 851 طلبہ نے امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کیا ہے اور داخلہ حاصل کرنے والوں میں F1 ویزا کے علاوہ M1 ویزاحاصل کرنے والوں کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ بعض J1 ویزا کے بھی حامل ہیں۔ چین سے امریکہ پہنچنے والے طلبہ کی تعداد میں 8فیصد کی کمی ریکارڈ کئے جانے کے باوجود بھی امریکی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے لئے داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کی سب سے بڑی تعداد چین سے تعلق رکھنے والی ہی ہے اور چین ہی سرفہرست ملک ہے جہاں سے سب سے زیادہ طلبہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے امریکہ پہنچتے ہیں۔امریکہ میں 2021کے دوران بیرونی ممالک کے طلبہ کو دیئے گئے داخلوں کی تعداد کے متعلق رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مجموعوی اعتبار سے 12لاکھ 36 ہزار748طلبہ کو داخلہ فراہم کیاگیا ہے ۔سال 2022کے متعلق ماہرین تعلیم اور امریکی جامعات کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ اس سال بھی ہندستانی طلبہ کی بڑی تعداد امریکی جامعات میں داخلہ کے حصول کے سلسلہ میں سنجیدہ کوشش میں مصروف ہے۔م