تہران : 27 اگست ( یو این آئی ) ایران نے کہا ہے کہ امریکہ یک طرفہ پابندیوں سے ہونے والے نقصانات کا بین الاقوامی سطح پر ذمہ دار ہے اور اسے معاوضے اور بحالی سمیت ایران کو پہنچائے گئے نقصانات کا مکمل ازالہ کرنا چاہیے۔اقوام متحدہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ارسال کردہ مراسلے میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ کے اقدامات کو یکطرفہ جبری اقدامات کے ذریعے چلائی جانے والی “اقتصادی دہشت گردی کی مہم” قرار دیا اور کہا ہے کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون کے خلاف ہیں۔ایران سرکاری ٹیلی ویژن IRIB کے مطابق عراقچی نے کہا ہے کہ”اسلامی جمہوریہ ایران ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنانے، نقصانات کا معاوضہ اور ازالہ کرانے اور ان غیر انسانی و غیر قانونی اقدامات کے ذمہ داروں کو جواب دہ ٹھہرانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔”عراقچی نے زور دیا ہیکہ امریکہ کی جانب سے چلائی گئی یہ مہم “بین الاقوامی قانون کے تحت تمام مادی و غیر مادی نقصانات کے معاوضے اور ازالے کو یقینی بنانے کی ذمہ داری سمیت بین الاقوامی ذمہ داری پیدا کرتی ہے۔”عراقچی نے مزید کہا ہیکہ اگر “ایران کے عوام کو غیر قانونی اور مجرمانہ اقدامات کے ذریعے پہنچنے والے نقصانات” کے نتائج سے متعلق ضروری قانونی عناصر ثابت ہوجاتے ہیں تو امریکہ “مکمل بین الاقوامی ذمہ داری” کا حامل ہوگا اور اسے انفرادی تعزیراتی ذمہ داریوں کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ واشنگٹن کی جانب سے خودمختار ریاستوں پر ان کے جائز اقتصادی مفادات اور تجارتی تعلقات تبدیل کرنے کے لیے “یکطرفہ جبری اقدامات اور ثانوی پابندیوں” کے استعمال کی مذمت اور اسے مسترد کریں۔