امریکی دفاعی نظام نے راکٹ حملے کو ناکام بنا دیا

   

بغداد : عراقی دارالحکومت بغداد کے علاقہ گرین زون میں امریکی سفارتخانے کے اطراف علاقے کو کئی راکٹوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ میڈیا نے بتایا کہ سفارتخانے کے دفاعی نظام نے ان راکٹوں کو مار گرایا۔گرین زون بغداد کا حساس ترین علاقہ ہے جہاں حکومتی صدر دفاتر اور غیر ملکی سفارتخانے واقع ہیں جن میں نمایاں ترین امریکی سفارتخانہ ہے۔ گذشتہ ماہ بھی سفارتخانے کی سمت متعدد راکٹوں کو داغا گیا تھا۔ رواں سال بغداد ہوائی اڈہ کے باہر ایک امریکی فضائی حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد سے عراق میں امریکیوں کیخلاف حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔ 3جنوری کو ہونے والے حملے میں عراقی ملیشیا الحشد الشعبی کا رہنما ابو مہدی المہندس بھی مارا گیا تھا۔ گزرے مہینوں کے دوران مذکورہ راکٹ حملوں کے بیچ امریکی افواج نے از سر نو تعیناتی کیلئے عراق میں 8 ٹھکانوں اور عسکری اڈوں سے اپنے فوجیوں کو ہٹا لیا۔یاد رہیکہ یکم اکتوبر 2019ء سے عراق میں درجنوں حملے دیکھے گئے۔