کلکٹر کو یادداشت پیش، مہیش کمار گوڑ، کے راجو اور دیگر قائدین کی شرکت، مرکزی کابینہ سے برطرفی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/24 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مخالف ڈاکٹر امبیڈکر ریمارکس پر بطور احتجاج پردیش کانگریس کمیٹی نے آج حیدرآباد میں احتجاجی ریالی منظم کی۔ ٹینک بنڈ پر واقع مجسمہ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد یہ ریالی حیدرآباد کلکٹریٹ واقع لکڑی کا پل پہنچی جہاں ضلع کلکٹر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے مرکزی وزارت سے امیت شاہ کی برطرفی کا مطالبہ کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں ریالی منظم کی گئی جس میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن کے راجو، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو، صدر ضلع کانگریس کمیٹی خیریت آباد ڈاکٹر روہن ریڈی ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، صدر ضلع کانگریس کمیٹی حیدرآباد سمیر ولی اللہ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ امیت شاہ کے استعفی اور کابینہ سے برطرفی کے نعروں کے ساتھ ریالی کلکٹریٹ پہنچی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ احتجاجی کارکن سیاہ پرچم تھامے ہوئے تھے اور مرکزی وزارت سے برطرفی اور ملک سے معذرت خواہی کی مانگ کررہے تھے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر ایک ہفتہ طویل احتجاجی پروگرام منظم کئے جارہے ہیں۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو موسومہ یادداشت کلکٹر حیدرآباد کے حوالے کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ امیت شاہ نے ملک و قوم کے جذبات کو مجروح کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ ہی دستور کے معمار کی توہین کررہی ہے اور دستور ہند میں تبدیلی کی تیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کو مرکزی وزارت میں برقراری کا کوئی حق نہیں۔مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے امیت شاہ کے ذریعہ متنازعہ بیان دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دلت تنظیموں کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔ بی جے پی سیکولرازم اور جمہوریت کے خاتمہ اور ہندوتوا کے نظریات کو ملک پر مسلط کرنا چاہتی ہے۔ دستور ہند میں تمام طبقات کو مکمل آزادی دی گئی ہے لیکن بی جے پی مذہبی آزادی کے خلاف ہے۔ اے آئی سی سی لیڈر کے راجو نے کہا کہ کابینہ سے امیت شاہ کی برطرفی تک کانگریس پارٹی پارلیمنٹ اور اس کے باہر احتجاج منظم کرے گی۔1