وزیر داخلہ کی تصویر کی چپلوں اور جوتوں سے پٹائی
حیدرآباد۔/24 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پارلیمنٹ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے بارے میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اہانت آمیز تبصرہ کے خلاف ملک بھر میں کانگریس اور دلت تنظیموں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ کرناٹک کے گلبرگہ میں دلت تنظیموں کے سینکڑوں کارکنوں نے امیت شاہ کے خلاف احتجاج منظم کرتے ہوئے ان کی تصویر کو جوتوں اور چپلوں کے ہار پہنائے۔ دلت کارکنوں نے امیت شاہ کی تصویر کی جوتوں اور چپلوں سے پٹائی کرتے ہوئے اسے پھاڑ دیا۔ امیت شاہ نے حال ہی میں پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نام کا استعمال ان دنوں فیشن بن چکا ہے اگر اسی طرح بھگوان کا نام لیا جائے تو سات جنم تک سورگ میں جگہ ملے گی۔ امیت شاہ کے اس بیان کے خلاف کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں احتجاج کیا اور ملک سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا گیا۔ ملک بھر میں دلت تنظیموں نے احتجاج میں شدت پیدا کردی ہے اور گلبرگہ میں دلت تنظیموں کا احتجاج اس بات کی دلالت کرتا ہے کہ امیت شاہ کے بیان سے دلتوں اور کمزور طبقات کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ دلت تنظیموں نے ’ امیت شاہ مردہ باد‘ کے نعرے لگاتے ہوئے ان کی تصویر کو چپلوں اور جوتوں سے پیٹا اور ’مردہ باد ‘ کے نعرے لگائے۔ کانگریس پارٹی نے امیت شاہ کی کابینہ سے برطرفی کے مطالبہ پر ملک بھر میں احتجاج کا آغاز کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے ملک گیر سطح پر احتجاج کیلئے ریاستی یونٹس کو پابند کیا گیا ہے اور ایک ہفتہ طویل احتجاج کا منصوبہ بنایا گیا۔1