امیر کویت امریکی ہاسپٹل میں زیر علاج ٹرمپ سے ملاقات ملتوی

,

   

کویت سٹی ۔ 9 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کویت کے حکمراں امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کو امریکہ کے ایک ہاسپٹل میں متعدد طبی ٹسٹوں کیلئے شریک کیا گیا ہے ۔ ایک سینئر عہدیدار کے مطابق امیر کویت کے ناسازیٔ مزاج کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے 12 ستمبر کو ان کی ہونے والی ملاقات کو اب ملتوی کردیا گیا ہے ۔ امیر دیوان (شاہی دربار) شیخ علی جراح الصباح نے یہ بات بتائی جبکہ سرکاری کونا خبر رساں ایجنسی کے مطابق امیر کویت کے ہاسپٹل میں داخلہ کے بعد صدر ٹرمپ سے ان کی ہونے والی ملاقات ملتوی کردی گئی ہے اور اب ملاقات کیلئے عنقریب نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔ دوسری طرف وائیٹ ہاؤس نے بھی اس بات کی توثیق کی ہے کہ امیر کویت کی صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کو ملتوی کیا گیا ہے جبکہ صدر ٹرمپ نے اپنے دوست شیخ صباح کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور اس خواہش کا اظہار بھی کیا ہے کہ علاج کے بعد وہ (ٹرمپ) ان کا ایک بار پھر واشنگٹن میں استقبال کرنے کے منتظر ہیں ۔ شیخ علی نے بھی اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ امیر کویت کو جلد سے جلد صحتیاب کرے۔