انجینئرنگ کونسلنگ کا جولائی کے پہلے ہفتہ سے آغاز : پروفیسر بالا کشٹا ریڈی

   

انجینئرنگ کی کافی نشستیں دستیاب ، مینجمنٹ کوٹہ میں نشستیں حاصل نہ کریں
حیدرآباد۔ 11 جون (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل پروفیسر بالا کشٹا ریڈی نے کہا کہ ریاست میں بی ٹیک انجینئرنگ کونسلنگ کا عمل کا جولائی کے پہلے ہفتہ سے آغاز ہوگا اور یہ عمل 14 اگست سے قبل مکمل کرلیا جائے گا اور اس کے بعد فرسٹ ایئر کی کلاسیس شروع ہوں گی۔ طلبہ کی رہنمائی کیلئے بہت جلد ہیلپ لائن سنٹر قائم کیا جائے گا۔ پروفیسر بالا کشٹا ریڈی نے مانصاحب ٹینک کے تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل کے دفتر پر نائب صدورنشین ای پرشوتم، ایس کے مسعود اور سیکریٹری سری رام وینکٹیش پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ JEE شیڈول کے مطابق EAPCET داخلوں کا عمل جاری رہے گا۔ طلباء و طالبات سیٹ الاٹمنٹ سے متعلق شعور بیداری کی غرض سے جاریہ سال سے جوسا کونسلنگ کے طرز پر ایپسیٹ ماک ایڈمیشن کونسلنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس عمل سے طلبہ کو کونسے کونسے کالجس میں داخلہ ملے گا، اس کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ صرف CEC نہیں ہے، اس کا بہت جلد ڈیمانڈ ختم ہونے کا اندیشہ ہے۔ پروفیسر بالا کشٹا ریڈی نے کہا کہ طلبہ کو انجینئرنگ میں داخلہ ملے گا یا نہیں اس کی فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ریاست میں انجینئرنگ کی بہت ساری نشستیں دستیاب ہیں۔ طلبہ اور ان کے والدین ، مینجمنٹ کوٹہ میں نشستیں حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں۔ نشستوں کیلئے ڈونیشن دیتے ہوئے اپنی محنت کی کمائی ضائع نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے خانگی کالجس میں بی زمرہ کی نشستوں کو بھرتی کرنے کیلئے حکومت نے ابھی منظوری نہیں دی ہے۔ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پہلے نشستیں پُر کرنے والے کالیجس کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ ڈاکٹر کشٹا ریڈی نے جن کالیجس کو منظوریاں حاصل نہیں ہوئی ہیں، ان کے بارے میں چوکنا رہنے کا طلبہ اور والدین کو مشورہ دیا۔ انہوں نے طلبہ کو کور انجینئرنگ گروپس کا انتخاب کرنے کا بھی مشورہ دیا جن کے مستقبل میں ملازمتوں کے بہت زیادہ مواقع ہیں۔ کونسل کورسیس کریر پر معلومات کی فراہمی کیلئے جون کے تیسرے ہفتہ میں JNTU میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔2