10 سال سے کرائے کے مکانات میں رہنے والوں کو پہلی ترجیح ، ہاوزنگ کمشنر وی پی گوتم کا اعلان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اندراماں ایل آئی جی ہاوزنگ اسکیم سے متعلق شہریوں کے تمام سوالات اور شکوک و شبہات کا ازالہ کرتے ہوئے ہاوزنگ کمشنر وی پی گوتم نے بتایا کہ جو شہری گزشتہ 10 سال سے کور ایریا (Core Area) میں کرائے کے مکانات میں زندگی بسر کررہے ہیں وہ اس اسکیم کے لیے مکمل طور پر اہل ہیں ۔ ہاوزنگ کمشنر نے واضح کیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے دستاویزات کے لزوم کو انتہائی آسان بنادیا گیا ہے ۔ درخواست دہندگان کو ذات کی تصدیق ، آمدنی اور رہائشی سرٹیفیکٹ فراہم کرنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے ۔ خاندان کے دیگر افراد کے آدھار نمبر اور فون نمبر فراہم کرنا ہی کافی ہے ۔ غیر شادی شدہ افراد فارم میں Unmarried کے آپشن کا انتخاب کر کے اپنے والدین کی آدھار تفصیلات درج کرسکتے ہیں ۔ اگر آدھار کارڈ پر پتہ کسی دوسرے اسمبلی حلقہ کا ہے لیکن شہری اس وقت پہلے مرحلے کے 16 اسمبلی حلقوں میں رہ رہا ہے تو وہ موجودہ رہائشی حلقے ، وارڈ اور سرکل کی تفصیلات درج کر کے وہیں سے اپلائی کریں ۔کمشنر وی پی گوتم نے بتایا کہ تمام درخواستوں کا تجزیہ اور جانچ جدید 360 ڈگری سافٹ کے ذریعہ کی جائے گی ۔ اگر درخواست دہندہ کی جانب سے غلط معلومات دی گئی ہوں یا ان کے خاندان کو ماضی میں حکومت کی جانب سے ہاوزنگ وغیرہ جیسے بڑے فوائد مل چکے ہوں تو انہیں پہلے مرحلے میں نا اہل قرار دیا جائے گا ۔ جن خاندانوں کو پہلے فوائد مل چکے ہیں ان کی درخواستوں پر آئندہ مرحلے میں غور کیا جائے گا ۔ کیوں کہ اسکیم کا بنیادی مقصد ان غریبوں کو چھت فراہم کرنا ہے وہ 10 برسوں سے کرائے کے مکانات میں رہ رہے ہیں ۔ ہاوزنگ کمشنر وی پی گوتم نے کہا کہ اگر کسی درخواست گذار کو مکان الاٹ نہیں ہوتا ہے تو ان کی جمع کرائی گئی رقم ڈائرکٹ ان کے فون پے ، گوگل پے یا دیگر یو پی آئی سے منسلک بینک اکاونٹ میں منتقل کردی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہاوزنگ الاٹمنٹ کا عمل مکمل ہونے کے اگلے ہی دن فیس واپس کرنے کے مکمل انتظامات کررہے ہیں ۔۔ 2/m/b