واشنگٹن : امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ ہمارے معاشروں کو نقصان پہنچا رہی ہے، قانون کی حکمرانی کو کمزور کر رہی ہے، سپلائی چینز میں بد عنوانی پیدا کررہی ہے اور کارکنوں کے استحصال اور تشدد کو ہوا دینے کا باعث ہے۔”انہوں نے یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے انسانی سمگلنگ کے بارے میں سال 2023 کی سالانہ رپورٹ کے اجرا کے موقع پر اس وقت کہی، جب یونان میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا اس سال کا سب سے ہلاکت خیز واقعہ پیش آیا ہے۔ انسانی اسمگلنگ کا شکار افراد کے تحفظ کے ایکٹ کے تحت امریکی محکمہ خارجہ کی ٹریفکنگ ان پرسن یا ٹی آئی پی رپورٹ دنیا بھر میں انسانوں کی اسمگلنگ کے خلاف امریکی حکومت کی کوششوں کا جائزہ پیش کرتی ہے اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف امریکی حکمت عملی کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اس سے متاثرہ لوگوں کے تحفظ کے اقدامات کابھی جائزہ لیتی ہے۔ اس سال اس رپورٹ کے 23ویں ایڈیشن میں امریکہ سمیت 188 ملکوں اور علاقوں کے بارے میں تفصیل شامل کی گئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ میں انسانوں کی اسمگلنگ کے بارے میں 2023 کی ٹریفکنگ ان پرسنز یاٹپ رپورٹ امریکی وزیرِ خارجہ انٹنی بلنکن نے پیش کرتے ہوئے انسانوں کی اسمگلنگ کے خلاف کوششوں کے لئے امریکی عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف جدوجہد کا عزم کیا ہے کیونکہ یہ انسانی حقوق اور آزادیوں پر حملہ کے مترادف ہے۔ اس سے ہر شخص کے اپنی زندگی اور اپنے عمل پر اپنے اختیار کے عالمگیر حق کی خلاف ورزی ہوتی ہے اور اس وقت دنیا میں دو کروڑ70 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو اس حق سے محروم رکھا گیا ہے۔