نئی دہلی: اوم برلا کو صوتی ووٹ سے لوک سبھا اسپیکر کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔آج منعقدہ انتخاب میں بی جے پی کی زیرقیادت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدوار اوم برلا نے کانگریس کے کوڈیکنل سریش کو شکست دی ہے۔اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ نے لوک سبھا اسپیکر کا انتخاب لڑنے کا آخری لمحات میں فیصلہ اس وقت لیا جب بی جے پی کے سینئر قائدین نے اس پیشگی شرط کو قبول نہیں کیا کہ این ڈی اے امیدوار برلا کی حمایت کے بدلے میں اپوزیشن اتحاد’انڈیا‘ کو ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ دیا جائے گا۔ مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ نے اس سلسلہ میں ملک ارجن کھرگے سے بات کی لیکن کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اوم برلا کو لوک سبھا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ میں پورے ایوان کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ہم سب کو یقین ہے کہ آنے والے پانچ سال میں آپ ہماری رہنمائی کریں گے۔ مودی نے کہا کہ دوسری بار لوک سبھا اسپیکر کا عہدہ سنبھالنا اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے صرف بلرام جاکھڑ دو بار لوک سبھا کے اسپیکر رہ چکے ہیں۔ زیادہ تر امیدواروں نے الیکشن نہیں لڑا یا جیتا نہیں لیکن آپ (اوم برلا) الیکشن جیت گئے ہیں۔