اوم پرکاش راجبہار نے یوپی میں 5چیف منسٹران‘ 20ڈپٹی چیف منسٹران کا کیاوعدہ

,

   

راجبہار نے کہاکہ مذکورہ اتحادکا مشترکہ ایجنڈہ مکمل پانچ سالوں تک گھریلو بجلی کی مفت سربراہی رہے گا۔


جھانسی۔بظاہر طور پر ایک عجیب وغریب بیان میں سہلدیو سماج پارٹی(ایس بی ایس پی) کے صدر او راترپردیش کے سابق وزیر اوم پرکاش راجبہار نے کہاکہ اگر ان کی بھاگیا داری سنکلپ مورچہ اتحاد 2022کے ریاستی اسمبلی انتخابات میں برسراقتدار آتا ہے تو پھر یہاں پر 5چیف منسٹران اور20ڈپٹی چیف منسٹران ہوں گے جو تمام پسماندہ طبقات کی نمائندگی کریں گے۔

منگل کے روز جھانسی میں ”کانگھار“ کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ”یہاں پر ہرسال کے لئے پانچ سالوں تک ایک چیف رہے گا جو حکومت کی معیادپورے کریں گے۔

اسی طرح 20ڈپٹی چیف منسٹران سماج کے تمام پسماندہ طبقات کی نمائندگی کرنے والے ہوں گے“۔اپنے بیان کی مزید وضاحت کرتے ہوئے راجبہار نے کہاکہ ”یوپی میں مکمل اکثریت والے حکومت میں جب دو ڈپٹی چیف منسٹران ہیں‘ آندھرا پردیش میں پانچ او ربہار میں دو ہیں تو پھر تمام پسماندگی کا شکار طبقات کی نمائندگی کیوں نہیں کی جاسکتی ہے؟“۔

انہوں نے کہاکہ ”ہم تمام چھوٹے اورپسماندہ طبقات کی نمائندگی کرنے والی پارٹیوں کے ساتھ مل کر اتحاد قائم کررہے ہیں جن کے مفادات کو اب تک دبایاجاتا رہا ہے۔ لہذا اب ان پر حکومت کو تشکیل دینے کی ذمہ داری ہے“۔

راجبہار نے کہاکہ مذکورہ اتحادکا مشترکہ ایجنڈہ مکمل پانچ سالوں تک گھریلو بجلی کی مفت سربراہی رہے گا۔اسکے علاوہ یہاں پر مفت اور مشترکہ تعلیم کے ساتھ مفت طبی علاج رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ ”اس کے علاوہ ہم ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کو بھی انجام دیں گے اور 33فیصد نمائندگی خواتین کو دی جائے گی“۔بی جے پی کاحوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ”یہ ایک ڈوبتی کشتی ہے جس نے اس سے قبل میری اور انوپریا پٹیل کی وجہہ سے جیت حاصل کی تھی“۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ”بی جے پی جھوٹ کی مشین ہے جو صرف جھوٹ بولتی ہے اورکچھ بھی نہیں کرتی ہے۔ یہ ایک دھولائی کرنے والی مشین ہے جس میں ایک مجرم کوڈال کر صاف ستھرا نکال سکتے ہیں۔

اسی وجہہ سے وہ ایسے بہت سارے قائدین کو پارٹی میں شامل کررہے ہیں جس کی شبہہ خراب ہے اور اس کو صاف ستھری امیج دے رہے ہیں“۔

اترپردیش کے 2022اسمبلی انتخابات کے لئے مذکورہ بھاگیا داری سنکلپ مورچہ کا قیام عمل میں لایاگیاتھا جس میں اے ائی ایم ائی ایم بھی شامل ہے۔ اس اتحاد کی قیادت ایس بی ایس پی کررہی ہے۔