مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی مانگ، دیگر اپوزیشن جماعتوں کی تائید
حیدرآباد۔23۔مارچ (سیاست نیوز) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اڈانی مسئلہ پر بی آر ایس ارکان نے آج بھی اپنا احتجاج جاری رکھا جس کے نتیجہ میں ایوان کی کارروائی متاثر ہوئی۔ بی آر ایس ارکان نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر اڈانی معاملات کی جانچ کیلئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا ۔ لوک سبھا میں ناما ناگیشور راؤ اور راجیہ سبھا میں ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی قیادت میں احتجاج منظم کیا گیا تھا اورحکومت کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ اسپیکر لوک سبھا اور صدرنشین راجیہ سبھا نے ایوانوں کی کارروائی کو کل تک کیلئے ملتوی کردیا۔ اجلاس کے التواء کے بعد بی آر ایس ارکان نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کے پاس احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ بی آر ایس ارکان نے کہا کہ ملک کے قومی اداروں کو نقصان پہنچانے کے باوجود مرکزی حکومت اڈانی گروپ کے خلاف تحقیقات کیلئے تیار نہیں ہے۔ ناما ناگیشور راؤ نے اڈانی مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مباحث کو روکنے کیلئے راہول گاندھی کے خلاف برسر اقتدار پارٹی احتجاج کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس ارکان اڈانی معاملہ پر اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔ اسی دوران لوک سبھا میں ناما ناگیشور راؤ نے تلنگانہ میں ریلوے پراجکٹس کی منظوری میں ناانصافیوں کی شکایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے تنظیم جدید قانون کے تحت کئے گئے وعدوں سے انحراف کیا ہے۔ ورنگل میں ریلوے کوچ فیاکٹری کے قیام کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ وزیر ریلوے اشونی ویشنو سے ناما ناگیشور راؤ نے تلنگانہ میں ریلویز کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں استفسار کیا ۔ر