اڈیشہ میں میونسپلٹی چیر پرسن کیلئے مسلم خاتون منتخب

   

آزاد اُمیدوارہ جی ڈی حبیب نے بھدرک میونسپلٹی کے چناؤ میں بیجو جنتادل کی سمیتا مشرا کو شکست دی

حیدرآباد۔28۔ مارچ (سیاست نیوز) اڈیشہ میں مجالس مقامی کے انتخابات میں مسلم امیدوار کی کامیابی نے مسلمانوں میں مسرت کی لہر دوڑادی ہے ۔ مجالس مقامی کے حالیہ انتخابات میں چیر پرسن کے عہدہ پر پہلی مرتبہ ایک مسلم خاتون کا انتخاب عمل میں آیا۔ جی ڈی حبیب نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کیا تھا اور وہ بھدرک میونسپلٹی میں چیرمین کے عہدہ پر منتخب ہوئیں۔ انہوں نے ریاست کی برسر اقتدار پارٹی بیجو جنتا دل کی امیدوار سمیتا مشرا کو 3256 ووٹوں کی اکثریت سے شکست دے دی۔ بھدرک کے علاقہ میں جہاں مسلمانوں کی آبادی قابل لحاظ ہے، عوام کی جانب سے مسلم امیدوار کو ٹکٹ دیئے جانے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ چیر پرسن کا عہدہ چونکہ خاتون کیلئے محفوظ ہے، لہذا محترمہ حبیب نے آزاد امیدوار کے طورپر مقابلہ کیا۔ پوسٹ گریجویٹ ( ایم بی اے ) خاتون نے کامیابی کے ذریعہ نئی تاریخ رقم کی ہے۔ کامیابی کے بعد انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران کبھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ یہ نشست محفوظ ہے۔ اس کے علاوہ تمام طبقات نے بلا لحاظ مذہبی وابستگی میری تائید کی۔ محترمہ حبیب عنقریب چیر پرسن کے عہدہ کا حلف لیں گی ۔ اڈیشہ میں مسلمانوں کی آبادی 3 فیصد سے بھی کم ہے جس کے نتیجہ میں ریاست کی سیاست میں مسلمانوں کی حصہ داری نہیں کے برابر ہے۔ ریاستی کابینہ میں مسلمان کو نمائندگی ضرور دی جاتی ہے لیکن اسمبلی اور مجالس مقامی میں راست طور پر منتخب ہونے کے امکانات کم رہتے ہیں۔ محترمہ حبیب سیاست میں سرگرم نہیں تھیں حالانکہ ان کے شوہر اور سسرالی خاندان کے افراد مقامی سیاسی حلقہ میں کافی مشہور ہیں۔ ان کے شوہر شیخ زاہد حبیب بھدرک ضلع میں بیجو جنتا دل کے نائب صدر ہیں۔ مسلم خواتین نے اڈیشہ میں کونسلر یا وارڈ ممبر کے عہدہ کیلئے راست انتخابات میں بعض حلقوں میں کامیابی حاصل کی لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کسی شہر کی قیادت کیلئے ایک مسلم خاتون کو رائے دہندوں نے اپنی پہلی ترجیح کے طور پر منتخب کیا ہے ۔ اڈیشہ کی تاریخ میں ایک بھی مسلم خاتون رکن اسمبلی کے طور پر منتخب نہیں ہوئیں۔ عام طور پر مسلم سماج میں خواتین کے الیکشن لڑنے کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔ حکومت کی جانب سے پنچایت راج اور مجالس مقامی میں خواتین کیلئے نشستیں محفوظ کرنے کے بعد مسلم خواتین انتخابات میں حصہ لینے میں دلچسپی دکھا رہی ہے۔ ر