اکھیلیش یادو 12 ڈسمبر کو رام مندر جائیں گے ‘ پہلے رام بھکتوں سے معذرت کریں ‘ یوگی

   

ایودھیا 7 نومبر ( ایجنسیز ) چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو کید ورہ ایودھیا کا خیرمقدم ہے تاہم انہیں پہلے رام بھکتوں سے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ واضح رہے کہ اکھیلیش یادو نے اعلان کیا ہے کہ وہ 12 ڈسمبر کو ایودھیا کا دورہ کرنے والے ہیں ۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے بعد اکھیلیش یادو کا یہ پہلا دورہ ہوگا ۔ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے 10 ویں دیپ اتسو کے موقع پر کہا کہ جن لوگوں نے ایودھیا کو خون سے رنگ دیا تھا اب وہ ایودھیا کو یاد کر رہے ہیں۔ ایودھیا میں دیپاولی کے موقع پر لاکھوں دئے جلا کر روشن کیا گیا ہے ۔ آدتیہ ناتھ نے اکھلیش یادو کا نام لئے بغیر کہا کہ انہیں ایودھیا آنے دیجئے تاہم انہیں پہلے رام بھکتوں سے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ لارڈ رام بہت رحم دل ہیں۔ وہ کسی کو بھی معارف کردیں گے ۔ لارڈ رام کیلئے کسی کے بھی ہٹ دھرم رویہ کو ختم کرنے کیلئے زیادہ وقت نہیں لگتا ۔ انہوں نے عوام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جو تاریخ رام بھکتوں نے بنائی ہے اس کو دیکھتے ہوئے اب کوئی بھی ایودھیا میں بھکتوں پر فائرنگ کرنے کی ہمت نہیں کرے گا ۔ اکھیلیش یادو نے 12 ڈسمبر کو ایودھیا کے دورہ کا اعلان کیا ہے ۔ ان کا یہ ایودھیا کے رام مندر کا پہلا دورہ ہوگا جبکہ دو سال قبل مندر کی تعمیر عمل میں آئی تھی ۔ تاحال انہوںن ے مختلف وجوہات کی بناء پر یہاں کا دورہ نہیں کیا تھا ۔ سماجوادی پارٹی کے لیڈر پون پانڈے نے کہا کہ قنوج کے رکن پارلیمنٹ اکھیلیش یادو اور ان کی شری حیات مین پوری کی رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو 12 ڈسمبر کو رام مندر کے ہنومان گڑھی میں پوجا کریں گے ۔ پانڈے کو ایودھیا نشست سے اسمبلی انتخابات کیلئے سماجوادی پارٹی امیدوار مقرر کیا گیا ہے ۔ اکھیلیش یادو نے 8 نومبر کو ایودھیا کا دورہ کیا تھا جب انہوں نے پانڈے کی جانب سے منعقدہ بھگوت کتھا میں شرکت کی تھی لیکن وہ مندر نہیں گئے تھے ۔