اہم سیاسی فیصلہ کے بارے میں اطلاعات کی کونڈا سریکھا نے تردید کی

   

سوشیل میڈیا پوسٹ سے لاتعلقی، کانگریس میں برقراری کا فیصلہ
حیدرآباد۔4۔ستمبر (سیاست نیوز) سابق وزیر جنگلات کونڈا سریکھا نے سوشیل میڈیا میں ان کے سیاسی مستقبل سے متعلق فیصلہ کے بارے میں افواہوں کی مذمت کی ہے۔ کونڈا سریکھا نے اپنے انسٹگرام ، فیس بک ، ایکس اور یو ٹیوب اکاؤنٹ کے ذریعہ اس بات کی وضاحت کی کہ سوشیل میڈیا میں عنقریب اہم سیاسی فیصلہ کرنے سے متعلق جو اطلاعات گشت کر رہی ہے، ان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ فیس بک پر کونڈا سریکھا کی تصویر کے ساتھ ایک پیام وائر کیا گیا جس میں کہا گیا کہ انتظار تقریباً ختم ہوچکا ہے اور بہت جلد ایک اہم فیصلہ کیلئے تیار رہیں۔ کونڈا سریکھا نے واضح کیا کہ فیس بک پر ان کی تصویر کے ساتھ وائرل میسج سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ میسج کے وائرل ہوتے ہی سیاسی حلقوں میں تجسس پیدا ہوچکا ہے کہ کونڈا سریکھا کابینہ سے برطرفی پر آئندہ کیا سیاسی فیصلہ کریں گی۔ واضح رہے کہ کونڈا سریکھا کو ریاستی کابینہ سے برطرف کردیا گیا ہے۔ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی کونڈا سریکھا 5 مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئیں اور دو مرتبہ کابینی وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ دختر کونڈا سشمیتا کی جانب سے چیف منسٹر کے خلاف بیان پر پارٹی نے وجہ نمائی نوٹس جاری کی۔ کونڈا سریکھا کی وضاحت سے غیر مطمئن تادیبی کارروائی کمیٹی نے ہائی کمان سے کونڈا سریکھا کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی۔ کونڈا سریکھا نے آئندہ کے منصوبوں سے متعلق قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی میں برقرار رہیں گی اور رکن ا سمبلی کے طور پر عوام کی خدمت کریں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر کونڈا مرلی ورنگل کے پارٹی قائدین اور اپنے حامیوں سے مشاورت کر رہے ہیں تاکہ کوئی سیاسی حکمت عملی اختیار کی جاسکے۔ 1/k